وزیر اعظم نے وزارت اعلیٰ کی نامزدگی پر چوہدری پرویز الہٰی کو مبارک باد دی

وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے نامزد ہونے پر چوہدری  پرویز الہٰی کو مبارک باد پیش کی، جس کے بعد پرویز الہٰی نے ان کا  شکریہ ادا کیا۔چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ اعتماد پر پورا اُترنے کی کوشش کریں گے،  اتحادی کی حیثیت سے مل کر عوام کی خدمت کریں گے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے بنی گالا پہنچے تھے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے عثمان بزدار سے استعفیٰ لے لیا ہے، میں آپ کو اپنی پارٹی کی طرف سے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کرتا ہوں۔ دوسری جانب ملاقات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی وزیر اعظم کی بات سننے گئے ہیں کوئی فیصلہ کرنے نہیں گئے۔چوہدری شجاعت نے کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد پرویز الہٰی دیگر اتحادیوں کو ملاقات سے آگاہ کریں گے۔ان کا کہنا تھا  کہ جو بھی فیصلہ ہوگا اتحادیوں کی مشاورت سے ہوگا۔ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماؤں کی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد سے ملاقات ہوئی تھی۔ پارلیمنٹ لاجز میں ایم کیو ایم کے وفد سے ہونے والی ملاقات میں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی، وفاقی وزیرطارق بشیرچیمہ، مونس الہٰی ملاقات میں شریک ہوئے۔ق لیگ کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، اتحاد اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، وسیم اختر، امین الحق، عامر خان، خواجہ اظہار الحسن، کشور زہرا، جاوید حنیف، کنور نوید جمیل اور صادق افتخار بھی شامل تھے۔

Comments (0)
Add Comment