پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے، محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی کا رہائشی 22 سالہ نوجوان کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد آغا خان اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہے۔محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر نوجوان کا نام یحییٰ جعفری ہے جو ایران سے بذریعہ ہوائی جہاز واپس کراچی پہنچا تھا اور اسے طبیعت خراب ہونے پر اسپتال لے جایا گیا۔ترجمان کے مطابق متاثرہ نوجوان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ پوزیٹو آیا ہے جس کے بعد اسپتال کے حکام نے محکمہ صحت سندھ اور دیگر قومی اداروں کو اس کی اطلاع دے دی ہے۔محکمہ صحت سندھ کی ترجمان کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر نوجوان کو آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے جہاں پر اس کی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ پاکستان میں اس وقت متعدی امراض سے بچاؤ کے لیے مخصوص پرسنل پروٹیکٹیو ایکوئپمنٹ بشمول ماسکس اور دیگر اشیاء کی شدید قلت ہے۔واضح رہے کہ کورونا وائر سے چین میں مزید 52 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ جس کےبعد ہلاک افراد کی تعداد 2715 ہو گئی ہے، چین کےبعد وائرس سےسب سےزیادہ ہلاکتیں ایران میں ہوئی ہیں جہاں مرنےوالوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔بشکریہ روزنامہ جنگ