پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو شکست دے دی

پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ48 رنز سے جیت لیا۔ اسکاٹ لینڈ کو میچ جیتنے کے لئے 205رنز کا ہدف ملا تھا لیکن اس کی پوری ٹیم 6وکٹوں کے نقصان پر 20اوورز میں156رنز ہی بناسکی اور یوں پاکستان نے فتح اپنے نام کرلی ۔اس کے ساتھ ہی پاکستان کو دو میچز کی سیریز میں ایک میچ سے برتری حاصل ہوگئی۔
پاکستان نے میچ کے آغاز میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔پاکستان اننگز کی خاص بات سرفراز احمدکی بیٹنگ رہی ۔ انہوں نے 10 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 49 گیندوں پر 89 رنز بنائے اورآخر تک آؤٹ نہیں ہوئے جبکہ شعیب ملک نے53، فخر زمان21، احمد شہزاد 14، حسین طلعت 18 اور آصف علی نے ایک رنز بنایا۔جواب میں اسکاٹ لینڈ نے اپنی اننگز کا آغاز اچھے انداز میں کیا لیکن اسے 53رنز کے مجموعی اسکور پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ مونسے جو 22بالوں پر 25رنز بناکر ٹیم کا سہارا بنے ہوئے تھے انہیں حسن علی کی گیند پر سرفراز احمد نے کیچ کرلیا۔
دوسری وکٹ کے روپ میں کوئٹزر 31، آر ڈی بیرنگٹن 3، سی ایس میک لیوڈ 12 اور ڈی ای بیج 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔
پاکستان کے جن بالرز نے اسکاٹ لینڈ کے بلے بازوں کو مسلسل پریشان کئے رکھا ان میں حسن علی اور شاداب خان سرفہرست رہے ۔ انہوں نے دو ، دو وکٹیں لیں جبکہ محمد عامر اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس سے قبل گرین شرٹس کی جانب سے اوپنرز فخر زمان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 33رنز کی شراکت قائم بنائی۔
اسکاٹ لینڈ کو پہلی کامیابی ایونز نے دلوائی، انہوں نے 14رنز پر کھیل رہے احمد شہزاد کو بیرنگٹن کی مدد سے قابو کیا۔سرفراز الیون کی دوسری وکٹ 46 کے اسکور پر گری ،اس بار ایونز نے کراس کی مدد سے فخرزمان کو پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے 1چھکے اور 2چوکوں کی مدد سے 21رنز بنائے تھے۔
یک بعد دیگرے دو وکٹیں گر جانے کے باعث سرفراز احمد اور حسین طلعت نے 41رنز کی قیمتی پارٹنرشپ قائم کی تاہم87 کے مجموعی اسکور پر حسین طلعت کا بیرنگٹن کی گیند پر حمزہ طاہر نے کیچ لیا، انہوں نے 2چوکوں کی مدد سے 18رنز بنائے ۔کپتان سرفراز احمد کا نئے آنے والے بیٹسمین شعیب ملک نے بھرپور ساتھ دیا ، دونوں کھلاڑیوں نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف 96رنز کی شاندار شراکت قائم کی، اس دوران پہلے سرفراز احمد اور بعد ازاں شعیب ملک نے اپنی اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
19 ویں اوور کی آخری گیند پر 5چھکوں کی مدد سے 53رنز بنانے والے شعیب ملک کی وکٹ بھی ایونز کے حصے میں آئی ،یہ ان کی میچ میں تیسری وکٹ تھی۔بشکریہ روزنامہ جنگ

Comments (0)
Add Comment