پی ٹی آئی کے نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی انتقال کر گئے

ملتان سے تحریک انصاف کے نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی غلام عباس کھاکھی انتقال کر گئے، غلام عباس کھاکھی دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔

ملتان کے حلقہ پی پی 222 جلال پور پیر والا سے پاکستان تحریک انصاف کے نومنتخب ایم پی اے غلام عباس کھاکھی حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال کر گئے ۔ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے  غلام عباس کھاکھی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہے کہ مرحوم کی نئے پاکستان کیلئے جدوجہد کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ، اللہ ان کی مغفرت کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔  

غلام عباس کھاکھی کو چند روز قبل دل کا دورہ پڑا جس کے بعد وہ اسلام آباد کے اسپتال میں زیر علاج تھے، خاندانی ذرائع کے مطابق غلام عباس کھاکھی کی نماز جنازہ آج شام 6 بجے ان کے آبائی علاقہ پل کھارا جلال پور پیر والا میں ادا کی جائے گی۔

مرحوم کی عمر 60 برس تھی ، انہوں نے سوگوران میں 2 بیوائیں ، 3 بیٹے اور 1 بیٹی کو چھوڑا ہے ۔

غلام عباس کھاکھی 1993ء سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے، انہوں نے جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی اور آزاد حیثیت سے الیکشن لڑے، تاہم وہ پہلی بار منتخب ہو کر صوبائی اسمبلی پہنچے تھے۔بشکریہ روزنامہ جنگ

Comments (0)
Add Comment