گجرات ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ موٹر سائیکل رکشہ کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جارہا ہے، چنگچی رکشہ کو 4 ماہ کے لیے عارضی نمبر الاٹ کیا جائے گا، محکمہ ٹرانسپورٹ کے وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول کے بعد محکمہ ایکسائز موٹر سائیکل رکشہ کو مستقل نمبر جاری کرے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ،سیکرٹری آر ٹی اے صدام حسین، ڈی ایس پی ٹریفک ظفراقبال، ای ٹی او رانا ارشد علی، سول ڈیفنس آفیسر اشفاق احمد سمیت ہائی ویز اور ہیلتھ اور ریسکیو 1122 کے نمائندگان اس موقع پر موجود تھے، انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل رکشہ کی عارضی رجسٹریشن کے لئے موٹر وہیکل ایگزامنر کے دفتر میں رجسٹریشن سینٹر قائم کیا گیا ہے، موٹر سائیکل رکشہ ڈرائیور فوری طور پر اپنی رجسٹریشن کروائیں، بغیر رجسٹریشن کے چلنے والے موٹر سائیکل رکشہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے انہوں نے کہا کہ والدین کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل اور گاڑی دینے سے گریز کریں، موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔