کس نے کہاں عید منائی

صدر مملکت عارف علوی نے فیصل مسجد اسلام آباد میں اور وزیراعظم عمران خان نے بنی گالا میں اپنی رہائش گاہ میں قائم مسجد میں نماز عید ادا کی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے زرداری ہاؤس نوابشاہ میں نماز عید ادا کی۔ مسلم لیگ کے قائد نواز شریف نے کوٹ لکھپت جیل لاہور میں جبکہ شہباز شریف نے لندن میں نماز عید ادا کی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی، چوہدری شجاعت حسین ، چوہدری مونس الہی، چوہدری حسین الہی نے نماز عید آبائی گاؤں میں ادا کی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم باہمی ہمدردی، رواداری، احترام اور خیر خواہی کے ساتھ رہیں گے جب کہ محدود علاقائی، ذاتی اور نسلی تعصبات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلیے کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کا دن اپنے اندر ایثار، ہمدردی، تقویٰ و پرہیز گاری، خدمت خلق اور احترام انسانیت کا پیغام سموئے ہوئے ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الفطر کا مقصد مسلمانو ں میں اتحاد، اخوت، بھائی چارہ، ایثار اور سخاوت جیسے جذبات کو فروغ دینا ہے، عید کی حقیقی خوشی ضرورت مند عزیز و اقارب اور بہن بھائیوں کو شریک کرکے ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ایک حقیقی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتی رہے گی، اﷲ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی و خوشحالی کا ایسا مثالی گہوارہ بنائے جس کو دیکھنے کے لیے ہم سب کی نگاہیں منتظر ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اہل وطن کو عید الفطر کی مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے امن، خوشحالی اور ترقی کی دعا کے ساتھ عید مبارک ہو۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت پاک فضائیہ اوربحریہ کے سربراہان نے بھی قوم کو عید کی مبارک باد پیش کی ہے۔

Comments (0)
Add Comment