صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے آج کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی اور پھول چڑھائے

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے آج کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی اور پھول چڑھائے، صدر بننے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ کراچی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی حلف برداری کے بعد آج کراچی کا باقاعدہ دورہ کررہے ہیں، انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ قائد اعظم کے مزار کے موقع پر ان کے ہمراہ اگورنر سندھ عمران اسمعٰیل اور سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی بھی موجود ہے، ان کے علاوہ بھی شہر کی کئی معزز شخصیات نے صدرِ مملکت کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی۔

اس موقع پر صدرِ مملکت نے حسبِ روایت مہمانوں کے تاثرات کی کتاب میں بحیثیت صدرِ مملکت اپنے تاثرات درج کیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات صدر مملکت عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن پرعمل کرتے ہوئے ان کی کفایت شعاری اور سادگی مہم کی مثال قائم کردی، عارف علوی عوامی انداز اپناتے ہوئے بغیر پروٹوکول کے عام طیارے میں کراچی پہنچے تھے۔ صدر پاکستان اپنا سامان بھی خود اٹھا کر لے لائے اور سامان اے ایس ایف کی اسکیننگ مشین پر خود اسکین کروایا، عارف علوی نے مسافروں کی لائن میں لگ کر اپنا بورڈنگ پاس بھی خود وصول کیا تھا ۔
عارف علوی چار ستمبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن میں مولانا فضل الرحمن اوراعتزاز احسن کو شکست دے کر پاکستان کے تیرہویں صدر منتخب ہوئے تھے، انہوں نے 352 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے تھے۔

Comments (0)
Add Comment