بڑے بڑے برج الٹنے کا امکان

0
100

ورلڈکپ میں شکست پر بڑے بڑے برج الٹنے کا امکان روشن ہوگیا جبکہ سلیکشن کمیٹی اور کوچز کو گھر جانا پڑے گا،انگلینڈ میں منعقدہ میگا ایونٹ میں پاکستانی ٹیم فائنل فور میں بھی جگہ نہ بنا سکی، غیرمعیاری کارکردگی کے بعد قومی کرکٹ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا گیا، ذرائع کے مطابق انضمام الحق کی زیرسربراہی سلیکشن کمیٹی اب برقرار نہیں رہے گی۔ بورڈ کی جانب سے جلد ان کی ’’خدمات‘‘ کو خراج تحسین ادا کرنے کی پریس ریلیز سامنے آ سکتی ہے،ان کی جگہ سنبھالنے کیلئے بعض سابق کرکٹرز کے نام زیرغور ہیں البتہ ابھی کسی کو فائنل نہیں کیا گیا، انضمام سے موجودہ بورڈ حکام خوش نہیں اور ورلڈکپ سے قبل ہی انھیں بتا دیا گیا تھا کہ نتائج کچھ بھی ہوں معاہدے میں توسیع نہیں کی جائیگی۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور ان کی ٹیم کے بھی برقرار رہنے کا امکان کم ہے،ابھی پی سی بی نے یہ فیصلہ نہیں کیا کہ نیا کوچ ملکی ہو یا غیر ملکی۔ذرائع نے بتایا کہ بہت جلد چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی مکی آرتھر سے ملاقات ہوگی ،جس میں ان کے مستقبل پر بات ہونی ہے، ون ڈے اور ٹیسٹ میں ٹیم کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے بورڈ تبدیلی چاہتا ہے۔اسی طرح کپتان سرفراز احمد کا مستقبل بھی غیریقینی کا شکار ہے،البتہ مناسب متبادل موجود نہ ہونے کی وجہ سے شاید ان کے حوالے سے فیصلے میں تاخیر ہو جائے،ذرائع نے بتایا کہ مکی آرتھر اور سرفراز دونوں کی خواہش ہے کہ بدستور فرائض نبھاتے رہیں مگر بورڈ نے کسی قسم کی یقین دہانی کرانے سے گریز کیا ہے۔ انگلینڈ میں آئی سی سی میٹنگز سے فراغت کے بعد ایم ڈی وسیم خان کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں اس حوالے سے تبادلہ خیال کرینگے، فی الحال آئندہ کچھ ماہ پاکستانی ٹیم کی بھی کوئی مصروفیت نہیں لہذا بورڈ جلد بازی میںکوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here