قائد حزبِ اختلاف کا عہدہ پیپلز پارٹی کا حق ہے’

0
734


پاکستان میں حزبِ اختلاف کی بڑی سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے ایوانِ بالا یعنی سینیٹ میں خاتون رہنما اور امریکہ میں پاکستان کی سابق سفیر شیری رحمان کو قائد حزبِ اختلاف کے طور پر نامزد کیا ہے۔
ان کی نامزدگی کا اعلان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کیا۔
شیری رحمان نے بی بی سی کی نامہ نگار فرحت جاوید سے بات کی اور کہا کہ خواتین کی حوصلہ افزائی ہمیشہ سے ‘پیپلز پارٹی کے کلچر کا حصہ رہا ہے۔ جس کی ایک مثال خود بینظیر بھٹو کی زندگی ہے’۔
انھوں نے کہا کہ ان سے پہلے قائد حزبِ اختلاف اعتزاز احسن ‘ایک مضبوط رکن پارلیمان رہے ہیں اور ان کی جگہ لینے کے لیے مجھے بہت تندہی سے کام کرنا ہوگا’۔ اس سوال پر کہ کیا پاکستان تحریک انصاف بھی ان کی نامزدگی کی حمایت کرے گی، شیری رحمان نے کہا کہ ‘ہم مشترکہ طور پر بہتری کے پیغام کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں اور پاکستان کو اس کی ضرورت بھی ہے’۔
تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ‘انتخابات کے اس سال میں دیگر افراد کے انتخاب پر تو رائے نہیں دے سکتی، تاہم خزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت ہونے کے ناطے یہ عہدہ پیپلز پارٹی کا حق ہے’۔ اس سے پہلے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ‘پاکستان پیپلز پارٹی ایک بار پھر تاریخ رقم کرنے جا رہی ہے کیونکہ اب سینیٹ میں پہلی بار خاتون قائدِ حزبِ اختلاف ہوں گی’۔
ذرائع کے مطابق اس عہدے کے لیے شیری رحمان کے علاوہ فاروق ایچ نائیک کے نام پر بھی غور کیا گیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں نے اس معاملے پر کوئی رائے نہیں دی ہے۔شکریہ بی بی سی اردو

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here