نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے اشتعال انگیز بیانیئے سے ہوشیار رہیں‘

0
466


پاکستانی فوج کے سربراہ قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج داخلی اور بیرونی تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے ملک کو فساد اور دہشتگردی سے نجات دلانے میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں ہیں تاہم دائمی امن کے لیے ملک کے ہر شہری کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔
یہ بات انھوں نے جمعرات کے روز پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے صدر دفتر کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔
اس دورے پر انھوں نے آئی ایس پی آر کے سالانہ انٹرن شپ پروگرام میں شرکت کرنے والے نوجوانوں سے ملاقات بھی کی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے انٹرن شپ پروگرام مکمل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی اور اس موقعے پر خطاب کے دوران انھوں نے کہا کہ پاکستان کو بے پناہ صلاحیتوں والے نوجوانوں سے نوازہ گیا ہے اور پاکستان کا مستقبل ان کے ہاتھ میں ہے۔
انھوں نے کہا کہ انھیں پاکستان کی نوجوان نسل پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ پاکستان کو امن اور ترقی کے ایک نئے دور میں لے کر جائیں گے۔ انھوں نے طلبا سے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے اشتعال انگیز بیانیئے سے ہوشیار رہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری پاکستانی فوج کے آپریشن رد الفساد کا سپاہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان دولتِ اسلامیہ جیسی تنظیموں کا پرائمری ہدف ہیں اور انھیں زیادہ محتاط رہنا چاہیے۔شکریہ بی بی سی اردو

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here