سعودی عرب کے شہر جدہ میں خواتین کی پہلی سائیکل ریس

0
618


سعودی عرب میں منعقد ہونے والی خواتین کی پہلی سائیکل ریس میں خواتین کی بڑی تعداد نے حصہ لے کر قدامت پسند قوم کے علاوہ سوشل میڈیا پر متعدد افراد کو حیران کر دیا۔
خواتین کی یہ پہلی سائیکل ریس سعودی عرب کے شہر جدہ میں منگل کو منعقد ہوئی۔
اس سائیکل ریس کا انتظام بی ایکٹیو نامی گروپ نے خـواتین سائیکل سواروں اور مقامی حکام کے ساتھ مل کر کیا۔
دس کلو میٹر کے فاصلے پر محیط اس سائیکل ریس میں 47 خواتین نے حصہ لیا۔
سائیکل ریس کی منتظمہ ندیما ابو العین نے مقامی میڈیا میں نشر کیے جانے والے ایک بیان میں کہا کہ وہ اس ریس میں شریک ہونے والی خواتین کی تعداد دیکھ کر حیران ہوئی ہیں۔انھوں نے کہا کہ آرگنائزنگ کمیٹی کو سائیکل ریس میں بڑی تعداد میں خواتین کی شرکت کرنے کی وجہ سے اس کی تعداد کو بڑھا کر 30 سے 47 تک کرنا پڑا۔اگرچہ ٹوئٹر پر اس سائیکل ریس کو مثبت ردعمل ملا تاہم دوسروں کے لیے یہ متنازع بھی ثابت ہوئی۔
ایک ٹویٹر صارف نے تبصرہ کیا: ’میں مذہبی عالم نہیں ہوں لیکن اس سے ایک خاتون گمراہ ہو سکتی ہے اور سائیکل چلاتے ہوئے مرد اس کے تمام پرکشش حصوں کو دیکھ سکتا ہے۔ اگر وہ سائیکل چلانا چاہتی تو وہ ضرور چلائے لیکن نہ عوام میں اور نہ لوگوں کے سامنے۔‘
ایک اور صارف نے لکھا: ’خواتین کے کھیلوں کی ضرورت ہے لیکن یہ کھیل حدود میں ہونے چاہئیں نہ کے مردوں کے سامنے۔‘بہت سے ٹوئٹر صارفین نے سائیکل سواروں اور منتظمین کی تعریف کی۔ @ p9p نے کہا ’اس ایونٹ سے بہت مزہ آ رہا ہے۔‘
foof_foofa نے سائیکل یاس کو منعقد کروانے کے لیے انتظامیہ کی تعریف کی۔ انھوں نے ٹویٹ کی ’ہم آپ کے اعتراضات کی پرواہ نہیں کرتے ہیں۔‘
@ N9n9Ta نے ریس کے مخالفین کو جواب دیا: ’5، 10 یا 20 سال بعد، وہ خواتین جو سوشل میڈیا پر اس واقعے پر تنقید کر رہی ہیں اسی طرح کی ریس میں حصہ لیں گی یا ان میں شرکت کریں گی اور ان کی ریس پر خوش ہوں گی اور جب وہ پیچھے مڑ کر دیکھیں گی تو اپنے موجودہ رد عمل پر شرمندہ ہوں گی۔‘
ندیما ابو العین نے سعودی خواتین میں وسیع پیمانے پر سائیکلنگ کے شعور کو فروغ دینے کے لیے سماجی میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے سنہ 2017 میں خواتین کا سائیکل کلب قائم کیا تھا۔
ندیما ابو العین نے سائیکل ٹو ڈے کے ساتھ ایک انٹرویو میں ملک میں اپنی اور ساتھی سائیکل سواروں کی مشکلات کو بیان کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ خواتین سائیکل سواروں کی تعداد وقت کے ساتھ ساتھ بڑھی ہے۔
سعودی عرب کے حکام نے سنہ 2013 میں ایک فرمان کے ذریعے خواتین کو تفریحی علاقوں میں اس شرط کے ساتھ سائیکل چلانے کی اجازت دی تھی کہ وہ سائیکل چلاتے ہوئے مناسب لباس پہنیں اور ایک مرد محافظ ہر وقت ان کے ساتھ رہے۔ شکریہ بی بی سی اردو

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here