سرفراز کو ون ڈے کی قیادت سے بھی ہٹانے کی تیاری

0
536

ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد اب سرفراز احمد کو ون ڈے انٹرنیشنل کی قیادت سے بھی سبکدوش کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، جبکہ ان کے لیے پاکستان ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا بھی مشکل دکھائی دے رہا ہے۔سرفراز احمد کو ون ڈے کپتانی سے ہٹانا اس لیے حیران کن ہے کہ ان کی کپتانی میں پاکستان پچھلے چھ ون ڈے انٹرنیشنل جیت چکا ہے، جن میںورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ، افغانستان، جنوبی افریقا اور بنگلہ دیش کے بعد ہوم گراؤنڈ پر سری لنکا کے دو میچز بھی شامل ہیں۔اس کے باوجود ذرائع کا کہنا ہے کہ ون ڈے فارمیٹ کے لیے بھی کپتانی کا تاج بابراعظم کے سر پر سجانے کی تیاری ہورہی ہے۔آئندہ ماہ 3 اپریل کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے بعد پاکستانی ٹیم نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بنگلہ دیش کے خلاف واحد ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیلے گی۔سرفراز احمد نے 2017 سے 2019 تک پاکستان کے لیے 35 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں کپتانی کی۔اس دوران قومی ٹیم نے 21 میچز جیتے جبکہ 13میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی بھی جیت چکی ہے۔
32 سالہ سرفراز احمد 116 ون ڈے انٹر نیشنل میں 33 اعشاریہ 85 کی اوسط سے مجموعی طور پر 2302 رنز بناچکے ہیں، جس میں 2 سنچریاں اور 11 نصف سنچریاں شامل ہیں، اُن کا بہترین انفرادی اسکور 105رنز ہے۔سرفراز احمد نے بحیثیت وکٹ کیپر 140 شکار کیے جن میں 116 کیچز اور 24 اسٹمپز شامل ہیں۔بشکریہ روزنامہ جنگ

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here