پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک انتہائی اہم کھلاڑی سے سری لنکا کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کے دوران مبینہ طور پر سٹّے بازوں نے رابطہ کرکے سپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی ہے۔
قومی ٹیم کے ذرائع کے مطابق سٹے بازوں کی جانب سے رابطے کی اطلاع اس کھلاڑی نے فوری طور پر ٹیم منیجمنٹ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو دے دی تھی۔
سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں خالد لطیف پر 5 سال کی پابندی
ذرائع نے شارجہ میں بی بی سی کے استفسار پر اس بات کی تصدیق کی کہ مذکورہ کھلاڑی سے ابوظہبی میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل کے موقع پر ایک مشکوک شخص نے رابطہ کیا تھا لیکن اس کھلاڑی نے اس رابطے کی فوری رپورٹ کر دی تھی۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جس شخص نے کرکٹر سے رابطہ کیا ہے وہ متحدہ عرب امارات کا مقامی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران سپاٹ فکسنگ سکینڈل سامنے آیا تھا جس میں ملوث دو کرکٹرز شرجیل خان اور خالد لطیف پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔
سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ سکیورٹی افسر کرنل خالد موجود ہیں۔