عمران خان کی حکومت کو مشروط مذاکرات کی پیشکش

0
137

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو مشروط مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مل بیٹھے، عام انتخابات کی تاریخ دے ورنہ ہم اسمبلیاں توڑ دیں گے۔لاہور میں پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا تب تک معاشی استحکام نہیں آئے گا۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہم نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اس لیے فیصلہ کیا ہے کہ الیکشن ہوں اور ملک میں استحکام آئے، ملک میں الیکشن اس لیے کروانے ہیں تاکہ سیاسی استحکام اور اس کے بعد معاشی استحکام آئے۔عمران خان  نے کہا کہ معیشت کی بحالی کے لیے حکومت کے پاس کوئی روڈ میپ نہیں ہے،  ساری دنیا کہہ رہی ہے کہ ہم ڈیفالٹ کی طرف جا رہے ہیں، ترسیلات زر گرنا شروع ہوگئی ہیں، ہمارے دور میں قرضے واپس نہ کرنے کا خطرہ 5 فیصد تھا، اب 100 فیصد ہوگیا ہے،  سرمایہ کاروں کو ان کے اوپر اعتماد نہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ باہر سے لوگ پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کریں گے، بینک قرض نہیں دیں گے، ٹیکس کلیکشن گرنا شروع ہوگئی ہے، ان کے پاس ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کا روڈ میپ کیا ہے، اسحاق ڈار تو اب چپ کر کے بیٹھ گئے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو مزدور نہیں مل رہے تھے، ہمارے دور میں 6 فیصد اکانومی گرو کر رہی تھی، مہنگائی کی وجہ سے اسٹریٹ کرائم بڑھ گیا ہے، ہمیں نقصان نہیں ہو رہا ہے، گالیاں انہیں پڑ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کی طرف نہیں جائیں گے تو ملک میں استحکام نہیں آئے گا، اسمبلیوں کی تحلیل کے فیصلے کے پیچھے پاکستان ہے، پنجاب اور خیبر پختونخوا کو وفاق سے پیسے نہیں مل رہے ہیں، پنجاب اور کے پی اسمبلی توڑتے ہیں تو 66 فیصد پاکستان میں الیکشن ہوگا، ہم ان کو موقع دیتے ہیں، ہمارے ساتھ بیٹھیں بات کریں، عام انتخابات کی تاریخ دیں، یہ الیکشن کا نام نہیں لیتے، یہ الیکشن سے ڈرے ہوئے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here