وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کو پہلا ٹیلیفون کیا اور انہیں آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بہادر پاک فوج کے سپہ سالار کا منصب سنبھالنا بڑا اعزاز ہے، پاک آرمی کو آپ جیسا پیشہ ورانہ قابلیت کا حامل سربراہ ملنا اللّٰہ کا خاص فضل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ کی قیادت میں آرمی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دفاع وطن میں مزید اضافہ ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں اللّٰہ تعالیٰ آپ کی مدد اور رہنمائی فرمائے۔ان کا کہنا تھا کہ وطن کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لیے ہمارا تعاون آپ کو میسر رہے گا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے نیک تمناﺅں کے اظہار اور مبارک پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔