آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی سٹیڈیم آمد قومی ٹیم کے لیے خوش قسمت ثاب ہوئی، ورلڈکپ کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 49رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل تک رسائی کی اپنی امیدیں برقرار رکھیں۔تجربہ کار فاسٹ باؤلر محمد عامر نے پہلے ہی اوور میں ہاشم آملہ کو پویلین کی راہ دکھا دی، وہ 2 رنز ہی بنا سکے،کپتان ڈو پلیسی اور کوئنٹن ڈی کوک نے دوسری وکٹ کے لیے 87رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد ڈی کوک47رنز بنا کر شاداب خان کی گیندپر آؤٹ ہوئے، ایڈن مارکرم بھی ناکام رہے اور 7رنز بنا کر شاداب کا دوسرا شکار بنے،کپتان فاف ڈوپلیسی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد محمد عامر کا دوسرا شکار بنے،وین ڈر ڈسن اور ملر نے پانچویں وکٹ کے لیے53رنز جوڑے جس کے بعد وین ڈر ڈسن36رنز بنا کر شاداب کی تیسری وکٹ بن گئے ،شاہین آفریدی نے ملر کو31رنز پر بولڈ کردیا،وہاب ریاض نے16رنز بنانے والے کرس مورس کی وکٹ حاصل کی،ربادا3رنز سکور کرکے وہاب ریاض کی دوسری وکٹ بنے،نگیدی ایک رن بنا کر بولڈ ہوگئے،اس سے قبل لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں بلے بازوں نے پراعتماد انداز اپناکر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو81رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد فخر زمان 44رنز بنا کر غیر ذمہ درانہ شاٹ کھیل کر عمران طاہر کا شکار بنے گئے ،امام الحق بھی اپنے آغاز کو لمبی اننگز میں نہ بدل پائے اور عمران طاہر نے امام الحق کا44رنز پر زبردست کیچ لیکر انہیں بھی پویلین بھیج دیا۔ حفیظ اور بابر نے تیسری وکٹ کیلئے45رنز جوڑے جس کے بعد حفیظ20رنز بنا کر مارکرم کا شکا ر بنے، بابر اعظم نے اپنی دوسری ورلڈ کپ نصف سنچری مکمل کی جسکے بعد وہ 69رنز بنا کر پھیلکوایو کے ہاتھوں پوویلین لوٹے،عماد وسیم اور حارث سہیل نے39گیند وں پر71رنز شاندار شراکت داری قائم کی جسکے بعد عماد23رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،وہاب ریاض بھی4رنز بنا کر بولڈ ہوگئے،حارث سہیل 9چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے 59گیندوں پر89رنز کے شاندار باری کھیل کر پوویلین لوٹے،حارث سہیل کی جارحانہ اننگز کی بدولت پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے۔ جنوبی افریقا کی جانب نگیدی نے3، عمران طاہر نے 2 اور ایڈن مارکرام اور پھیلکوایو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کی جگہ حارث سہیل اور فاسٹ باؤلر حسن علی کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، کپتان سرفراز احمد، حارث سہیل، محمد حفیظ، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، وہاب ریاض اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔ ایونٹ میں رہنے سے متعلق پاکستان ٹیم کیلئے اگر مگر کا چکر مزید دلچسپ ہو گیا ہے، ٹیم کو نہ صرف اگلے تمام میچ اچھے مارجن سے جیتنا ہوں گے بلکہ شائقین کو انگلینڈ کے اگلے میچوں میں ہار کی دعائیں بھی مانگنا ہوں گی۔ پاکستان ٹیم کی مایوس کن کارکردگی اور روایتی حریف بھارت سے شکست کے بعد کھلاڑیوں کو انگلینڈ میں پاکستان مداحوں کی جانب سے طعنوں اور جملے بازی کا سامنا ہے، یہاں تک کہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے بھی مقامی شاپنگ مال میں نوجوان نے بدتمیزی کی۔