کرکٹ کی گیند پر تھوک لگانے پر مستقل پابندی کا امکان

0
975

کرکٹ کی بین الاقوامی تنظیم آئی سی سی جلد ہی کھیل کے دوران کھلاڑیوں اور خاص طور پر گیندبازوں کی طرف سے گیند پر تھوک لگانے پر مستقل پابندی عائد کرنے کا اعلان کر سکتی ہے۔
آئی سی سی کی طرف سے جمعہ کو کرکٹ کا کھیل بحال کرنے کے بارے میں ایک تفصیلی دستاویز جاری کی گئی ہے جس میں یہ عندیہ دیا گیا ہے کہ حفظان صحت کے پیش نظر گیند پر تھوک لگانے پر مکمل پابندی لگائی جا سکتی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث دنیا کے اکثر ملکوں میں گزشتہ کئی ماہ سے لاگو حفاظتی پابندیوں میں نرمی شروع کیے جانے کے اعلانات کے ساتھ ہی کرکٹ کی بین الاقوامی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی مختلف سطحوں پر کرکٹ کا کھیل بحال کیے جانے کے بارے میں تفصیلی ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث کرکٹ بھی دوسری انسانی سرگرمیوں کی طرح کئی ماہ سے بند ہے۔ وبا کے شروع ہونے کے باعث پاکستان میں پی ایس ایل کے آخری مرحلے کے میچ بھی منسوخ کر دیے گئے تھے اور اسی طرح انڈیا میں آئی پی ایل شروع ہی نہیں ہو سکی تھی۔ اس کے علاوہ اس سال جون میں پاکستان کی ٹیم کو انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے جس کے بارے میں ابھی تک کوئی حتمی اعلان نہیں ہوا ہے۔بشکریہ بی بی سی اردو

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here