قومی ٹیم کے تمام غیر ملکی کوچز کو فارغ کر دیے جانے کا امکان

0
1088

ورلڈکپ کے بعد قومی ٹیم کے تمام غیر ملکی کوچز کو فارغ کر دیے جانے کا امکان، ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے معاہدہ میں بھی مزید توسیع نہیں کی جائے گی، قومی ٹیم کا نیا کوچ ملکی سابق کرکٹر ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ورلڈکپ کے فوری بعد قومی ٹیم کیلئے بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی نے باقاعدہ اور سنجیدگی سے غور بھی شروع کر دیا ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ورلڈکپ کے بعد منیجمنٹ میں ہیڈ کوچ سمیت غیر ملکی کوچز فارغ ہو جائیں گے جبکہ سرفراز احمد کے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ورلڈکپ کے فوری بعد قومی ٹیم کے تمام غیر ملکی کوچز کو فارغ کر دیے جائیں گے۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے معاہدہ میں بھی مزید توسیع نہیں کی جائے گی جبکہ قومی ٹیم کا نیا کوچ ملکی سابق کرکٹر ہوگا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ کوچز کے علاوہ سینئر کھلاڑیوں سمیت ٹیم میں 7 کی چھٹی کا بھی امکان ہے جبکہ شعیب ملک پہلے ہی ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مکی آرتھر سمیت ٹیم مینجمنٹ کے معاہدوں میں توسیع ناممکن ہے۔ یہ تمام تبدیلیاں ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی مسلسل مایوس کن کارکردگی کے باعث عمل میں لائی جائیں گی۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ سرفراز احمد کی کپتانی میں قومی ٹیم کی ایک روزہ اور ٹیسٹ کرکٹ میں 2 سال کے دوران کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ اسی لیے سرفراز احمد سے ٹیسٹ اور ایک روزہ ٹیم کی کپتانی واپس لے لیے جانے کا واضح امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ورلڈکپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ ٹیم کی کپتانی کیلئے آل راونڈر عماد وسیم مضبو ترین امیدوار ہیں۔ جبکہ ٹیسٹ ٹیم کیلئے ایک حیران کن نام سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نوجوان بلے باز شان مسعود ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کیلئے مضبوط ترین امیدوار تصور کیے جا رہے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلے ورلڈکپ کے بعد ہی کیے جائیں گے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ چئیرمین پی سی بی احسان مانی کا قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے گزشتہ رابطہ ہوا تھا۔ ذرائع کے مطابق احسان مانی نے سرفراز احمد کو ورلڈکپ کے بعد کپتان برقرار رکھنے کی یقین دہانی نہیں کروائی۔ چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی حوصلہ افزائی ضرور کی، تاہم انہیں ورلڈکپ کے بعد بھی کپتان برقرار رکھنے کی یقین دہانی نہیں کروائی گئی۔ امکان یہی ہے کہ سرفراز احمد کو ورلڈکپ کے بعد کپتانی سے ہٹا دیا جائے گا۔ جبکہ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ ورلڈکپ کے دوران ہی کسی قسم کی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ٹورنامںٹ کے ختم ہونے کے بعد قومی ٹیم میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی جائے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here