آئندہ ماہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

0
992

ملک بھر میں آئندہ ماہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5 سے 7 روپے فی لٹر اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈالر کی قیمت میں اضافے اور عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اب مزید اضافے کا خدشہ ظاہرکیا جارہا ہے۔ جون میں اب تک روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں 6 فیصد تک اضافہ ہوا جبکہ صرف ایک ہی روز میں امریکی خام تیل کی قیمت 2 ڈالر اضافے سے 56 ڈالر 65 سینٹس فی بیرل جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت میں 2 ڈالر اضافے سے 64 ڈالر 52 سینٹس فی بیرل ہو گئی۔ ان وجوہات کے پیش نظر پاکستان میں آئندہ ماہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 5 سے 7 روپے فی لٹر اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی تھی جس کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ گذشتہ ہفتے موصول ہونے والی خبر کے مطابق رواں ماہ جون کے پہلے دو ہفتوں کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل 11 ڈالر فی اونس سستا ہو گیا تھا۔ جس کے بعد پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ جولائی کے مہینے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 روپے فی لٹر کمی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے فی لٹر، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 3 روپے فی لٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے فی لٹر کمی ہونے کا امکان تھا۔ یہ بھی خیال کیا جا رہا تھا کہ اگر پاکستان میں ڈالر کی قیمت مستحکم رہی تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یقینی کمی ہو گی۔ تاہم اب خام تیل کی قیمت میں اضافے اور ڈالر کی اونچی اُڑان کی وجہ سے آئندہ ماہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5 سے 7 روپے فی لٹر تک کے اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here