آزاد کشمیرمیں گھر گھرپولیو کا آغاز ہو رہا ہے

0
436

مظفر آباد رپورٹ (حاجی محسن ہاشمی ) مورخہ17تا21فروری2020آزادکشمیرکےتمام اضلاع،مظفرآباد، نیلم، جہلم ویلی (ہٹیاں)‘باغ،حویلی‘ پونچھ،سدھنوتی‘ کوٹلی‘ میرپور اور بھمبر میں پولیو گھر گھرمہم کا آغاز ہو رہا ہے جس میں پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مہم کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنانے کے لئے تمام ترضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر بشرٰی شمس پروونشل پروگرام منیجر ای پی آئی آزادکشمیر نے بتایا ہے کہ ریاست آزاد جموں و کشمیرگذشتہ 20سالوں سے پولیو فری سٹیٹ ہے تا ہم اس مہم کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ پاکستان بھر سے پولیو کا خاتمہ ہو سکے۔ لہذا اس موذی مرض سے بچاؤ کے لئے ضروری ہے کہ آزادکشمیر میں 5سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں جائیں۔ آزادکشمیر میں پولیو کی گھر گھر مہم کے دوران 669448 بچوں کو  پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے2592موبائل ٹیمیں جو کہ گھر گھر جا کر  بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔علاوہ ازیں 422مقامی ہسپتال اورمراکز صحت(فکس سینٹرز) اور تمام اڈوں، ما رکیٹوں اور داخلی راستوں پر150ٹرانزٹ پوائنٹس بھی قائم کئے گئے ہیں۔فکس سینٹرز، ٹرانزٹ پوائنٹس اور موبائل ٹیمیں صبح8:00بجے سے شام 4بجے تک دوران مہم مصروف عمل رہیں گے۔ اس مہم کی سپرویژن کے لئے یونین کونسل کی سطح پر220یونین کونسل سپروائزز۱ور تحصیل سطح پر32تحصیل سپروائززکے علاوہ630 ایریا انچارج بھی مقرر کئے گئے ہیں جو ٹیموں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ اُن کو ویکسین اور دیگر ضروری سامان موقع پر فراہم کریں گے۔ہر ضلع کے DC آفس میں پولیو کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں اس کے علاوہ مرکزی سطح پرپراونشل پروگرام منیجر ای پی آئی آزاد کشمیر دفتر سنٹر پلیٹ مظفرآبادمیں بھی پولیو کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس کا فون نمبر 05822-920791ہے ٖجہا ں پر پولیو مہم کی روزانہ کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اس مہم کوWHO‘ فیڈرل ای پی آئی سیل اسلام آباد اور محکمہ صحتِ عامہ کے آفیسران مرکزی سطح سے بھی مانیٹر کریں گے۔ عوام الناس سے التماس ہے کہ پولیو گھر گھر مہم میں مامور عملہ سے بھرپور تعاون کریں۔ اور اگر کسی وجہ سے کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ جائے تو ضلعی کنٹرول روم کو مطلع کیا جائے تاکہ والدین اور عوام الناس کے باہمی روابط سے پانچ سال تک کاکوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔
ڈاکٹربشریٰ شمس پرونشل پروگرام منیجر ای پی آئی آزادکشمیر نے ریاست بھر کے والدین، اُساتذہ کرام، وکلا ء صاحبان، عام شہری، ملازمین، مزدور غر ضیکہ ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے احباب سے اپیل کی ہے کہ وہ گھر گھر آنے والی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور بچوں کو پولیو  سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں تا کہ یہ قومی مہم کامیابی سے ہمکنار ہو سکے۔ یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے گذشتہ 20سالوں سے آزادکشمیر پولیو فِری ہے اوریہ تب ہی ممکن ہوا ہے کہ حکومت آزادکشمیر کی خصوصی دِلچسپی، ممبران اسمبلی، ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت عامہ کے آفیسران،اہلکاران، میڈیا، صحافی حضرات اور عوام الناس کا بھرپور تعاون رہا ہے۔اگر اسی طرح تمام والدین اپنے بچوں کو پولیوے قطرے پلانے کے ساتھ ساتھ دس بیماریوں کے خلاف حفاظتی ٹیکہ جات کو بھی یقینی بنائیں تو بہت جلد ملک سے پولیو اور دیگر مہلک بیماریوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔اُنھوں نے صحافی حضرات اور میڈیا سے خصوصی درخواست کی ہے کہ یہ پیغام عام لوگوں تک پہنچانے کے لئے محکمہ صحت ِ عامہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے اس قومی فریضہ میں اپنی مِلّی بیداری کا ثبوت دیں تا کہ آزادکشمیرسے پولیو جیسی موذی مرض کا مکمل خاتمہ ہو سکے۔
(ڈاکٹربشریٰ شمس)پرونشل پروگرام منیجر ای پی آئی آزادکشمیر

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here