لاڑکانہ (نیوزڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری کے بعد سندھ کے جیالوں نے بھرپور احتجاج شروع کردیا ، لاڑکانہ میں احتجاج کے دوران جیالوں نے نہ صرف ہوائی فائرنگ کرکے شہریوں کو خوفزدہ کیا بلکہ دکانوں میں توڑ پھوڑ بھی کی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ سے درخواست ضمانت مسترد ہونے پر نیب نے سابق صدر آصف علی زرداری کو شہر اقتدار سے گرفتار کرلیا ہے۔ آصف علی زرداری کی گرفتاری کی خبر سنتے ہی سندھ کے جیالے مشتعل ہوگئے اور مختلف شہروں میں احتجاج شروع کردیا۔ آصف علی زرداری کے شہر نواب شاہ میں
جیالوں نے پریس کلب کے باہر بھرپور احتجاج کیا ہے، حیدر آباد اور دادو میں بھی جیالوں نے احتجاج کیلئے پریس کلب کا رخ کیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔بلاول بھٹو کے حلقے لاڑکانہ کے جیالے آصف زرداری کی گرفتاری پر زیادہ ہی مشتعل ہوگئے اور شہر میں توڑ پھوڑ شروع کردی۔ ڈنڈا بردار کارکنوں نے زبردستی دکانیں بند کرائیں اور توڑ پھوڑ کی۔ پیپلز پارٹی کے مسلح کارکنوں کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جس کے باعث شہر یوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔