پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ لوگ چاہتے ہیں کہ وہ سیاست میں آئیں اور وہ ایسا کردار چاہتی ہیں جس میں وہ نوجوان سیاستدانوں کی تربیت کر سکیں۔
لندن میں بی بی سی اردو کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں سیاسی عزائم رکھنے کے حوالے سے ریحام خان نے کہا: ‘لوگ چاہتے ہیں کہ میں سیاست میں جاؤں، لیکن پاکستان میں ایم این اے بننے کے لیے جتنی رقم کی ضرورت ہے وہ حلال کمائی سے آ نہیں سکتی۔’
انھوں نے کہا کہ ‘میں ایسا سیاسی کردار چاہتی ہوں جہاں میں نئے ابھرنے والے سیاستدانوں کی تربیت کر سکوں تاکہ وہ اچھے سیاستدان بن سکیں۔’
عمران خان کے اس بیان پر کہ ان کے مخالفیں ریحام خان کو ان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، ریحام خان کا کہنا تھا کہ انسان کو اپنی غلطیوں کی ذمہ داری لینی چاہیے اور اپنی کوتاہیوں کا الزام کسی دوسرے پر لگا دینا بہت آسان ہے۔
کیا مجھے نواز شریف نے کہا کہ میں (عمران خان) سے شادی کروں، کیا نواز شریف نے طلاق کرائی ہے۔ یہ کہنا کہ مجھے کوئی استعمال کرسکتا ہے، میری تضحیک ہے‘۔
انھوں نے کہا کہ ’حقیقت یہ ہے کہ مجھ پر استعمال ہونے کا الزام لگانے والے نے خود مجھے بُری طرح استعمال کیا۔‘
ریحام خان نے اپنی کتاب کی اشاعت کا وقت منتخب کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ یہ کتاب کی اشاعت کا صحیح وقت ہے۔
‘میرا خیال ہے کہ چونکہ یہ الیکشن کا سال ہے، کچھ لوگ ووٹ دینے جا رہے ہیں اور کچھ ووٹ لینے جا رہے ہیں، ان سب کو سوچنے کا موقع ملے گا کہ پاکستان کی ضروریات کیا ہیں۔ پاکستان کے مستقبل کے لیے کیا چیزیں کرنے کی ضرورت ہے اور لوگ کیا چاہتے ہیں۔’
شکریہ بی بی سی اردو