ایک کیلے کی قیمت 930 پاؤنڈ

0
969


برطانوی سپر مارکیٹ ایزڈا کی جانب سے ایک آن لائن آرڈر میں غلطی کی وجہ سے ایک خاتون کو صرف ایک کیلے کے لیے 930 پاؤنڈ چارج کیے گئے۔
یہ رقم پاکستانی روپوں میں ڈیڑھ لاکھ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔
برطانوی کاؤنٹی ناٹنگہم سے تعلق رکھنے والی بابی گورڈن کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بل پر یہ دیکھ کر دنگ رہ گئیں کہ ایک کیلے کے لیے 11 پینس کی جگہ 930.11 پاؤنڈ چارج کیے گئے تھے۔
اس کی وجہ سے ان کی کریڈٹ کارڈ کمپنی کے فراڈ ڈپارٹمنٹ نے ادائیگی روک دی اور ان سے فوری رابطہ کیا۔
بابی گورڈن کا کہنا ہے کہ سپر مارکیٹ ایزڈا نے اس ’کمپیوٹر کی غلطی‘ کے لیے معافی مانگی ہے۔
بابی گورڈن کہتی ہیں کہ انھوں نے اپنے سات سالہ بیٹے سے کہا: ’تم پر لازم ہے کہ تم یہ کیلا کھاتے ہوئے بہت زیادہ لطف اندوز ہو۔ اور ہر لقمے کی قدر کرو۔‘بابی گورڈن کہتی ہیں کہ وہ اور ان کے شوہر بل دیکھ کر حیران رہ گئے مگر انھیں توقع نہیں تھی کہ یہ معاملہ اتنا بڑا ڈراما بن جائے گا۔
’ہم نے سوچا یہ کوئی معمولی سی غلطی ہو گی اور ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ وہ ہمیں اتنا چارج کریں گے۔ مگر پھر ہم سے کریڈٹ کارڈ کمپنی نے رابطہ کیا کہ انھیں فراڈ کا شک تھا اور ایزڈا نے ہمیں چارج کرنے کی کوشش کی تھی!‘
ایزڈا کے ایک ترجمان نے اس حوالے سے معافی مانگی ہے اور کہا کہ ان کی کمپنی سے بل میں غلطی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا: ’اگرچہ ہمارے کیلے بہت شاندار ہیں، تاہم ہم بھی اس بات سے متفق ہیں کہ وہ اتنے قیمتی نہیں اور واضی طور پر ہمارے سسٹم میں کوئی غلطی ہوئی ہے۔‘
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وہ بابی گورڈن کے مشکور ہیں کہ انھوں نے اس پر توجہ دی اور انھیں اس غلطی سے مطلع کیا تاکہ آئندہ ایسا نہ ہو۔شکریہ بی بی سی اردو

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here