وفاقی کابینہ اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ عدالت کا تحریری فیصلہ آنے تک مؤخر کردیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی معاشی حالت و توانائی سمیت 26 نکاتی ایجنڈا زیر غور آیا۔ اجلاس میں ای سی ایل میں شامل 172 افراد کے نام کا جائزہ لینے والی خصوصی کمیٹی نے اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کابینہ اراکین نے ای سی ایل معاملے پر رائے دی کہ اس ایشو پر سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے کا انتظار کیا جائے گا۔
اجلاس میں کابینہ نے فیصلہ کیا کہ مراد علی شاہ اور بلاول بھٹو کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ آئندہ اجلاس میں دوبارہ زیر غور آئے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے ہر فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا ۔بشکریہ روزنامہ جنگ