بھارتی پولیس نے وزیر دفاع نرملا سیتارامن کے مبینہ قتل کے منصوبہ ساز 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔
بھارتی میڈیار پورٹس کے مطابق پولیس نے واٹس ایپ کے ذریعے بھارتی وزیر دفاع کےقتل کا منصوبہ بنانے والوں کو گرفتار کرلیا ہے جو نرملا سیتارامن کو ریاست اترکھنڈکے قصبے کے دوران جان سے مارنے والے تھے ۔ میڈیار پورٹس کے مطابق بھارتی پولیس کو واٹس ایپ پیغامات سے متعلق اتوار کی شب 9بجکر30 منٹ پر خبردار کیا گیا ،تاہم ملزمان کی گرفتاری کے بعد پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کی حالت سے شبہ ہوا تھا کہ وہ نشے میں ہیں۔
پتھور گڑھ کے ایس پی رام چندرا راج گرو نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں ملزمان کے خلاف بھارتی پینل کوڈ کی دفعہ 506 اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ جن 2 افراد کے درمیان پیغامات کا سلسلہ جاری تھا، ہم نے ان کی شناخت کی اور پیر کو وزیر دفاع کی آمد سے قبل انہیں گرفتار کرلیا ، ان میں سے ایک ملزم نے متنازع پیغام بھیجا تھا کہ ’میں شوٹ کروں گا، سیتا رامن کو اور کل اس کا آخری دن ہوگا‘۔
ایس پی راج گرو نے کہا کہ دونوں ملزمان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں لیکن ان سے ہتھیاروں کی موجودگی سے متعلق تحقیقات جاری ہیںاورجس واٹس ایپ گروپ پر مکالمہ جاری تھا اس کے ایڈمن کے کوائف کی تفتیش بھی جاری ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایاکہ مذکورہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان نے یہ گفتگو نشے کی حالت میں کی تھی۔
بھارتی وزیردفاع نرملا سیتا رامن نے پیر کو دھارچلہ قصبے کا دورہ کیا اور وزیراعظم نریندر مودی کے سالگرہ کے موقع پر فوج کی جانب سے قائم کیے گئے میگا میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا تھا۔
خیال رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی سالگرہ کا دن ‘سیوا دیوس (یومِ خدمت) کے نام سے منایا جاتا ہے۔بشکریہ روزنامہ جنگ