بیلجیئم میں کل سے لاک ڈاؤن اٹھانے کا آغاز

0
359

بیلجیئم میں کل (4 مئی) سے لاک ڈاؤن اٹھانے کے پہلے مرحلے کا آغاز ہو رہا ہے۔اس حوالے سے امید ظاہر کی جارہی ہے کہ پہلے مرحلے میں ساڑھے سات لاکھ صنعتی ملازمین میں سے 75 ہزار افراد اپنا کام دوبارہ شروع کر لیں گے۔یاد رہے کہ بیلجیئم میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 17 مارچ سے لاک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا تھا۔اس لاک ڈاؤن کو کل سے تین مرحلوں میں اٹھائے جانے کا آغاز ہورہا ہے۔ اس کے پہلے مرحلے میں ہر باہر نکلنے والے شخص کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا، اس مرحلے میں ان کمپنیز کو کام کی اجازت ہوگی جہاں ملازمین کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے گا، کپڑے کے اسٹورز کھولنے کی اجازت ہوگی۔سماجی سرگرمیوں سے متعلق احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ تین افراد پارک جاسکیں گے، سائیکلنگ کر سکیں گے لیکن ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔جوڑے کی صورت میں کھیلے جانے والے کھیل کھیلے جاسکیں گے لیکن گراؤنڈ کے کیفے ٹیریا اور لاکر روم بند رہیں گے۔اسی طرح گھر میں اجتماعات پر پابندی رہے گی، بلا ضرورت ڈے ٹرپ منع ہوگا۔پبلک ٹرانسپورٹ اپنے اوقات کار کے مطابق چلے گی لیکن اس میں سوار ہونے والے ہر شخص کو ماسک لازمی پہننا اور سیٹوں کے درمیان موجود فاصلے کا احترام کرنا ہوگا۔یہ وہ سفارشات ہیں جو بیلجئین حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن ایگزیٹ اسٹریٹیجی بنانے والے GEES گروپ نے ایک ہفتہ قبل حکومت کو پیش کی تھیں۔اس حوالے سے اس گروپ کی سربراہ پروفیسر ایریکا ویلیگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس لاک ڈاؤن کے خاتمے کا آغاز پُرامید طریقے سے کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران ٹیسٹنگ اور ٹریسنگ کا سلسلہ جاری رہے گا اور حکومت 25 ہزار سے 30 ہزار ٹیسٹ روزانہ کی بنیاد پر کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بڑی عمر کے بزرگوں سے ملنے اور انہیں اپنے ساتھ باہر سیر کے لیے لے جانے کے خیال سے باز رہیں۔بشکریہ روزنامہ جنگ

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here