وزارت حج و عمرہ کی جانب سے مملکت میں مقیم داخلی عازمین حج کو ہدایت کی گئی ہے کہ جن افراد نے حج کے لیے آن لائن رجسٹریشن کروا لی ہے ، وہ آج کے روز اپنی فیس بھی جمع کروا دیں وگرنہ اُن کی رجسٹریشن منسوخ ہو جائے گی۔ کیونکہ آج فیس کی ادائیگی کا آخری دِن ہے۔ اس حوالے سے داخلی عازمین حج کے امور کی نگران کونسل کے رُکن محمد سعد القرشی کا کہنا ہے کہ وہ عازمین حج جو رواں سال فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے اپنی آن لائن رجسٹریشن کروا چکے ہیں، اُنہیں چاہیے کہ وہ اپنے پیکیج کے مطابق فیس کی ادائیگی کر دیں تاکہ اُن کی رجسٹریشن کی منسوخ نہ کی جائے۔ ایسی صورت میں وہ رواں سال حج کی ادائیگی نہیں کر پائیں گے۔ اس سال داخلی عازمین حج کے لیے 190 کمپنیوں کو ٹھیکہ دیا گیا ہے، ان منظور شدہ کمپنیوں کے تمام پیکیجز بھی وزارت حج سے منظور شدہ ہیں۔ اس بار حج کے موقع پر 2 لاکھ 3 ہزار داخلی عازمین حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔ جبکہ عازمین حج کے ساتھ جانے والے چھوٹے بچوں کے لیے بکنگ علیحدہ سے ہو گی جس کی فیس 2500 ریال فی بچہ رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مخصوص بچوں کے لیے پیکیج کی فیس3ہزار ریال مقرر کی گئی ہے۔ وزارت حج نے داخلی عازمین کے لیے مخصوص کمپنیوں کو متنبہ کیا ہے کہ اگر عازمین کو پیکیج کے مطابق سہولیات فراہم نہ کی گئیں تو قواعد کی خلاف ورزی کی مرتکب کمپنیوں کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا اور ان کے خلاف کارروائی بھی ہو گی۔ اس بار داخلی عازمین کے لیے مجموعی طور پر 6 پیکیجز جاری کیے گئے ہیں جن میں سب سے کم فیس کا پیکیج 3447 ریال کا ہے جبکہ سب سے مہنگا پیکیج 11 ہزار 905 ریال پر ختم ہوتا ہے۔