اسلام آباد (نیوزڈیسک) : سابق صدر آصف علی زرداری کی آٹھ بے نامی جائیدادیں ضبط کر لی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے بتایا کہ آصف زرداری کی 8 بے نامی جائیدادیں ضبط کر لی گئی ہیں۔ نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی کے شئیرز بھی ضبط کر لیے گئے ہیں۔پلاٹ نمبر 126 ای ون ، پلاٹ نمبر 122 کلفٹن کراچی بھی ضبط کر لیے گئے ہیں۔ آصف زرداری کے بے
نامی نجی بینک کے 30،30 ملین کے شئیرز بھی ضبط کر لیے گئے ہیں۔ نعیم الحق نے بتایا کہ آصف زرداری کے بے نامی پلاٹس بھی ضبط کر لیے گئے ہیں۔ آصف زرداری کا بے نامی پلاٹ نمبر 18-2 سول لائنز کراچی بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں ایک دستاویز بھی شئیر کی۔اد رہے کہ ایف بی آر نے ایمنسٹی اسکیم کے لیے ایسسٹ ڈکلیئریشن فارم جاری کیے تھے۔ ڈکلیئریشن فارم جاری ہونے پر کالا دھن رکھنے والے افراد و کمپنیوں کو اپنے اثاثے ظاہر کرنے کا پورا پورا موقع دیا گیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ایمنسٹی اسکیم میں تین جولائی تک کی توسیع کی گئی تھی جس کی مدت گذشتہ رات بارہ بجے ختم ہو گئی جس کے بعد اب سیاستدانوں اور ملک کی مختلف کمپنیوں کی بے نامی جائیدادوں کی ضبطگی کا سلسلہ شروع ہو گا۔بے نامی اثاثوں کے خلاف کارروائی کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ بے نامی ایڈجیوکیٹنگ اتھارٹی آج سے کریک ڈاؤن شروع کرے گی۔ لاہور ،کراچی اور اسلام آباد میں بے نامی زونز کے کمشنر تعینات کردیے گئے۔ بے نامی جائیدادوں کے خلاف کارروائی کے تحت ہی سابق صدر آصف علی زرداری کی آٹھ بے نامی جائیدادوں کو ضبط کیا گیا جبکہ مزید سیاستدانوں کی بھی بے نامی جائیدادیں ضبط ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔