ملتان میں برقع پہن کر گرلز ہاسٹل میں داخل ہونے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کی بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے مریم گرلز ہاسٹل میں دانیال نامی طالبعلم اپنی کلاس فیلو کے ساتھ برقع پہن کر داخل ہو گیا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے مشکوک حرکات و سکنات پر دانیال نامی نوجوان کو ہاسٹل کی بلڈنگ کے اندر جا کر حراست میں لے لیا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے اس کا برقع اُتارا جس پر تمام تر حقیقت سامنے آگئی۔ جس پر اہلکاروں نے گرلز ہاسٹل کی وارڈن اور ریذیڈنٹ آفیسر کو آگاہ کیا ، جس کے بعد طالبعلم دانیال کو تھانہ الپہ پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ پولیس نے ملز م کے خلاف دفعہ 420 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ جبکہ نوجوان کو اپنے ساتھ ہاسٹل میں لانے والی لڑکی نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے تحریری طور پر یونیورسٹی اور ہاسٹل انتظامیہ سے معافی مانگی۔