وزیراعظم عمران خان نے پارٹی اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں کہا کہ اسد عمر کو ہوم ورک کر کے چانا چاہیے تھا ،پیشگی منصوبہ بندی نہ ہونے اور آئی ایم ایف سے رجوع کرنے میں پس و پیش سے نقصان ہوا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے رجوع کے معاملے میں ٹھوس منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے عوامی رد عمل کا سامنا بھی کرنا پڑا ۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے موجودہ اقتصادی صورتحال پر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے وہ قوم سے خطاب کریں گے اور انہیں روشن مستقبل کی نوید بھی سنائیں گے۔
ذرائع کےمطابق وزیراعظم قوم کو بتائیں گے کہ موجودہ حکومت معاشی بحران پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ملک کو بحران سے نکالا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں مندی اور انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں تاریخی اضافے سمیت سی این جی کی قیمتوں میں اضافے پر بھی حکومت کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ حکومت نے گزشتہ روز مالی امداد کے لیے آئی ایم ایف سے باضابطہ درخواست کی ہے۔بشکریہ روزنامہ جنگ