سابق وزیر اعظم نواز شریف نے احتساب عدالت کے باہرغیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کے عوام نے کل تیسری بار عمران خان کو مسترد کیا، عمران خان وکٹ گرانے کا بہانہ کر کے لاہور سے بھاگ آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ دو ہزار تیرہ میں عوام نے عمران خان کو مسترد کیا تھا، دوہزار اٹھارہ کے نتائج بھی اسی طرح کے ہوں گے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے صاف گوئی یا بھول میں کہہ دیا تھا کہ اوپر سے حکم آیا ہے، اوپر کا مطلب کبھی بھی بنی گالہ نہیں تھا، پورے پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ اوپر سے کیا مطلب ہے ؟
نواز شریف نے کہا کہ لاڈلے کو اوپر سے حکم لینے کی عادت بن چکی ہے، یہ لوگ تبدیلی لانے کے دعویدار تھے، ایسی تبدیلی لائے ہیں کہ اوپر کے حکم سے تیر پر مہر لگا دی۔
سابق وزیر اعظم سے چوہدری نثار سے متعلق بھی سوال کیا گیا کہ کیا آپ انہیں منائیں گے؟ اس سوال کا نواز شریف نے کوئی جواب نہیں دیا۔بشکریہ روزنامہ جنگ