عام انتخابات 2018 کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل فوج کی نگرانی میں شروع کردیا گیا، ملک بھرمیں 85ہزار 307پولنگ اسٹیشنزقائم ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق عام انتخابات 2018 کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل فوج کی نگرانی میں شروع کردیا گیا ہے۔ انتخابات میں21کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔بیلٹ پیپرز ملک کے 3 پرنٹنگ پریس میں چھاپے جا رہے ہیں۔ کسی نجی ادارے کو بیلٹ پیپر چھاپنے کی اجازت نہیں۔ رواں سال ہونے والے عام انتخابات میں ملکی تاریخ کا مہنگا ترین بیلٹ پیپر تیار کیا گیا ہے ۔ یہ بیلٹ پیپرز اسلام آباد ، لاہور اور کراچی کے تین سرکاری پرنٹنگ پریس میں چھاپے جا رہے ہیں۔ملکی تاریخ میں پہلی بار واٹر مارک سکیورٹی فیچرز والے بیلٹ پیپرزشائع کیے جا رہے ہیں جن کی چھپائی کا عمل پاک فوج کی نگرانی میں شروع کر دیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کے لیے سبز بیلٹ پیپرز، جب کہ صوبائی اسمبلی کے لیے سفید بیلٹ پیپرز شائع کئے جائیں گے۔ادھرالیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018 کے لئے پولنگ اسٹیشنزکے اعدادو شمارجاری کر دیئے جس کے مطابق ملک بھرمیں 85ہزار 307 پولنگ اسٹیشنزقائم کیے گئے۔عام انتخابات 2018 کے لئے پولنگ اسٹیشنزکے اعدادوشمارکے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملک بھرمیں مردوں کیلئے 23ہزار 424 پولنگ اسٹیشنز جبکہ خواتین کیلئے 21ہزار 707پولنگ اسٹیشنزاور ملک بھرمیں 40 ہزار 133 مرداورخواتین کیلئے مشترکہ پولنگ اسٹیشنزقائم کئے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں 47ہزار 813،سندھ میں 17 ہزار 747 ،بلوچستان میں 4420،خیبرپختونخوامیں 12ہزار 634 جبکہ فاٹا،ایف آرمیں 1986پولنگ اسٹیشنزبنائے گئے ہیں۔اعلامیہ کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں 797 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔بشکریہ روزنامہ جنگ