لاہور(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان ووٹ کے ذریعے نہیں سازش کرکے اقتدار میں آئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف جیل سے باہر ہوں تو حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکتی۔لاہور میں یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ چور دروزاے سے اقتدار میں آنے والے کو کوئی وزیراعظم نہیں مانتا۔ قوموں کی تقدیر میں ایسے لمحات آتے رہتے ہیں۔ سب جانتے ہیں کہ جرات مند فیصلے کرنے والا کون تھا۔ نواز شریف نے 6 ایٹمی دھماکے کرکے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔مریم نواز نے کہا کہ ایٹمی دھماکے کی بنیاد رکھنے والے کو پھانسی دے دی گئی جبکہ 6 ایٹمی دھماکے کرنے والے کو جیل میں بند کر دیا گیا۔ نواز شریف کو ایٹمی دھماکے نہ کرنے پر 5 ارب ڈالر کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے اسے ٹھکرا دیا تھا۔ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ دنیا کی نظر میں آپ کی کوئی عزت نہیں، آپ کٹھ پتلی اور مہرے ہیں جو چور دروازے سے اقتدار میں آئے ہیں، اس لیے آپ کو کوئی وزیراعظم نہیں مانتا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے ملک کو آئی ایم ایف کے سامنے گروی رکھ دیا۔ نواز شریف کے دور میں سٹاک مارکیٹ بہتر تھی، اب صورتحال یہ ہے کہ رمضان بازاروں میں ایک کلو چینی لینے کیلئےلائنیں لگی ہوتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کہتے ہیں کہ کسی کو این آر او نہیں دوں گا، آپ سے مانگ کون رہا ہے؟ حمزہ شہباز کو نائب صدر بنایا جاتا ہے تو آپ کی ٹانگیں کانپنا شروع ہو جاتی ہیں۔ عدالتوں کے بجائےمریم نواز اور حمزہ شہباز کا میدان میں مقابلہ کرو۔اس سے قبل تقریب سے خطاب میں حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے قوم کی خاطر اربوں ڈالر ٹھکرائے لیکن دوسری طرف عمران خان نے چند ارب ڈالر کی خاطر ملک کو آئی ایم ایف کا یرغمال بنا دیا۔ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کے بعد مہنگائی کا سونامی آنے والا ہے۔ کوئی پوچھے نہ پوچھے عمران خان سے قوم ضرور پوچھے گی۔ شریف خاندان متحد ہے اور رہے گا