نیب ٹیم سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کو گرفتار کرنے ان کے گھر پہنچ گئی، مفتاح اسماعیل کے گھر میں تہہ خانے اور بالائی منزل کی تلاشی لی گئی، نیب نے تین فیملی ممبران اور 2 ملازمین کے بیان ریکارڈ کرلیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب ٹیم سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کے گھر داخل ہوگئی، نیب ٹیم میں خواتین اہلکار بھی ہیں۔ نیب ٹیم نے مفتاح اسماعیل کے گھر میں تہہ خانے اور بالائی منزل کی تلاشی لی۔ نیب ٹیم نے مفتاح اسماعیل کی ایل این جی کیس میں گرفتاری کے وارنٹ حاصل کررکھے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ نیب ٹیم نے مفتاح اسماعیل کے گھر والو ں سے سوالات کیے، اور ملازمین سے پوچھ گچھ کی۔ نیب ٹیم نے مفتاح اسماعیل کے تین فیملی ممبران اور 2 ملازمین کے بیان ریکارڈ کرلیے۔ نیب ٹیم فیملی ممبران سے پوچھ گچھ اور بیان ریکارڈ کرنے کے بعد واپس روانہ ہوگئی۔نیب ٹیم کو بتایا گیا کہ مفتاح اسماعیل گھر میں نہیں ہیں، ان کا موبائل فون بھی مسلسل بند جا رہا ہے۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل کی آخری لوکیشن کراچی میں ظاہر ہو رہی تھی۔ اسی طرح نیب ٹیم لاہور نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے بعد شادمان لاہور میں سابق ایم ڈی پی ایس اوعمران الحق کے گھر میں بھی چھاپہ مارا۔ تاہم سابق ایم ڈی پی ایس او گھر پر موجود نہیں تھے۔ واضح رہے نیب راولپنڈی نے آج جمعرات کو ایل این جی کوٹہ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کو ٹھوکر نیاز بیگ لاہور سے گرفتار کر لیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کوٹہ کیس میں نیب راولپنڈی نے جمعرات کو طلب کیا تھا لیکن انہوں نے ایک خط کے ذریعے نیب راولپنڈی میں پیش ہونے سے معذرت کی تھی جس کے بعد نیب راولپنڈی نے انہیں ٹھوکر نیاز بیگ لاہور سے گرفتار کر لیا، ان کو جسمانی ریمانڈ کیلئے (آج) جمعہ کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔