سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 3 کشمیری نوجوانوں کی شہادت سے 24 گھنٹے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔
کشمیری میڈیا کے مطابق جنت نظیر وادی میں قابض بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلع کپواڑہ میں سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے جب کہ اسی ضلع میں گزشتہ روز بھی 2 نوجوانوں کی شہادت کا واقعہ رونما ہوا تھا۔چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک ہی ضلع میں 5 نوجوانوں کی شہادت پر وادی میں سوگ کا سا سماں ہے، سرچ آپریشن کے باعث ضلع کپواڑہ میں پہلے ہی معمولات زندگی معطل ہیں۔ اسی ضلع میں ایک پولیس اہلکار کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے۔دریں اثناء مقبوضہ کشمیر کے اضلاع باندی پورہ اور پلوامہ میں ایک ہفتے قبل ہونے والی نوجوانوں کی شہادت پر آج چوتھے روز بھی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں معطل، تعلیمی ادارے بند اور ذرائع نقل و حمل نہ ہونے کے باعث شاہراؤں پر مکمل سناٹا ہے۔