منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا نےروحانی اجتماع کا انعقاد کیا

0
508

آسٹریا(رپورٹ ۔محمد عامر صدیق)شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ٦٩ سالگرہ خصوصی خدمات اور قرآنی انسائیکوپیڈیا کا تعارف….
منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے زیر انتظام بروز اتوار دوپہر 30-1 بجے 10 ڈسٹرکٹ Gudrunstraße 115 پر واقع ترکش ہال میں ایک روح پرور، وجدانگیز اور ایمان افروز روحانی اجتماع کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں صاحب زادہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری(چئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل )شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ٦٩ سالگرہ و خدمات اور قرآنی انسائیکوپیڈیا کا تعارف کے موضوع پر خصوصی طور پر پاکستان سے تشریف لاے. تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا.نقابت کے شاندار فرائض ڈائریکٹر علامہ مدثر اعوان نے ادا کیے.بعداز حضور سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح سرائی کا سسلہ شروع ہوا جن کی سعادت عبیر اعوان،محبوب ربانی، محمد آفتاب سیفی عظیمی،محمد ماجد ،محمد عامر صدیق (ایڈوکیٹ ) اور آسٹریا کے مشہور نعت خواں شامل ہوئے. قصیدہ بردہ شریف آفاق اکبر اور عمران علی مغل نے پیش کیا.اس تقریب میں پاکستانی کمیونٹی مرد اور بچوں ںے پاکستانی کمیونٹی کی تنظیموں کے سربراہان کے علاوہ تاجر برادری ،سیاسی ،مذہبی اور کاروباری افراد نے خصوصی طور پر شرکت کی اور آسٹریا کے دور دراز شہروں فوکلا بارؤکے،لینز ،گراز ،سینٹ پولٹن اور ہارن سے بھی خصوصی مہمانوں نے شرکت کی. خصوصی خطاب صاحب زادہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری(چئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ) نے کیا.انہوں نے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی دین اسلام کے لیے خدمات پر روشنی ڈالی، عرفان القرآن کے نام سے آپ نے قرآن مجید کا سلیس اردو اور انگریزی زبان میں ترجمہ کیا، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ترجمہ ہو کر تفسیری شان کا حامل ہے اور عام قاری کو تفاسیر سے بے نیاز کر دیتا ہے.شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے نصف صدی سے زائد مطالعہ قرآن کا نچوڑ ہے۔8 جلدوں پر مشتمل قرآنی اِنسائیکلوپیڈیا میں 5 ہزار موضوعات کا اِحاطہ کیا گیا ہے۔جلد اَوّل کے ابتدائی 400 صفحات صرف موضوعات کی فہرست پر مشتمل ہیں۔انہوں نے کہا. اللہ رب العزت نے اِنسان کی تخلیق کے بعد انسانیت کے عروج و ارتقا کے لیے بِعثتِ انبیاء اور وحیِ الٰہی کا سلسلہ جاری فرمایا، بعثتِ محمدی ﷺ اور نزولِ قرآن کے ذریعے انسانیت کو اَوجِ ثریا تک پہنچایا اور قرآنِ حکیم کو قیامت تک انسانیت کا دستورِ حیات اور قانونِ فطرت قرار دیا ہے۔ قرآن مجیدمیں بیان کردہ علوم و معارِف اور قوانینِ فطرت میں اللہ رب العزت نے ہر دور کے اِنسان کے لیے رہنمائی مہیا فرما دی ہے۔ یہ رہنمائی قیامت تک بنی نوع انسان کے جملہ اِنفرادی، خاندانی، اِجتماعی، اَخلاقی، سیاسی، سماجی، معاشی اور معاشرتی اُمور کے لیے کامل جامعیت کے ساتھ فراہم کر دی گئی ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ قرآن فہمی اور

تمسّک بالقرآن میں ہی اِنسانیت کی معراج اور قرآن گریزی میں زوال مضمر ہے۔ تعلیماتِ قرآن کی اِسی جامعیت، ہمہ گیریت اور آفاقیت نے تاریخِ عالم پر گہرے نقوش ثبت کیے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسے اعتقاداً نہ ماننے والے بھی اس میں بیان کردہ بیش بہا علوم و معارف اور قوانینِ فطرت کی صداقت کے معترف نظر آتے ہیں۔ آج مادی سوچ اور دنیوی حرص و ہوس نے لوگوں کو قرآن مجید پر غور و فکر کی رغبت اور خیال سے محروم کر دیا ہے۔ عمومی فکر و نظر میں اس حدتک تغیّر رُونما ہو چکا ہے کہ وہ صحیفۂ ہدایت جو ہماری سوچ اور احوالِ زندگی میں انقلاب برپا کرنے کے لیے آیا تھا، ہم نے اُسے محض کتابِِ ثواب بنا رکھا ہے۔ نتیجتاً ہم نے خود کو قرآن مجیدکے بجائے دیگر ضوابط، مراسم اور نفسانی خواہشات کے تابع کر دیا ہے۔کسی بھی کتاب کی قدر و قیمت، افادیت اور رفعت و منزلت کا اندازہ ایک طرف اس کتاب کے موضوع اور اس میں بیان کردہ مضامین، مطالب اور مشمولات سے ہوتا ہے تو دوسری طرف اس کے مؤلف و مرتب کا علمی مقام و مرتبہ، علم و فن پر ملکہ و مہارت اور تعمّق و تبحّر اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ یہ امر نہایت ہی خوش آئند ہے کہ آپ کے ہاتھوں میں موجود اس قرآنی انسائیکلوپیڈیا کو مرتب کرنے والی وہ بین الاقوامی شخصیت ہے جو نہ صرف جدید و قدیم علوم کا حسین امتزاج ہے بلکہ اقوامِ مشرق و مغرب کے فکری بُعد اور زمانہ ہائے قدیم و جدید کے علمی، فنی اور ذہنی فاصلوں میں ایک مسلّمہ سنگم بھی ہے۔ مزید یہ کہ وہ عرب و عجم میں مسلّمہ علمی سند اور اتھارٹی بھی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ ایسی شخصیت اُمت کو صدیوں بعد نصیب ہوتی ہے۔ ورنہ صدیاں اور زمانے ایسی ہستی کی آمد کے لیے منتظر اور ترستے رہتے ہیں۔ ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہم اسی زمانے میں رہ رہے ہیں جو حضرت شیخ الاسلام مدّظلہ العالی کا زمانہ ہے۔قرآنی انسائیکلو پیڈیا 8 جلدوں پر مشتمل ہے، جس میں تقریباً 5 ہزار موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔صرف موضوعاتی فہرست 400 صفحات پر مشتمل ہے جوکہ 8 ضخیم جلدوں کے مشمولات کا خلاصہ ہے۔ اِس کے مطالعہ سے ذہن میں پورے انسائیکلو پیڈیا کا اجمالی خاکہ نقش ہو جاتا ہے اور ابواب کی تفصیل تک رسائی میں آسانی پیدا ہوتی ہے۔ قاری کی سہولت کے لیے قرآنی انسائیکلو پیڈیا میں شامل عنوانات کو عصری تقاضوں اور ضروریات کے مطابق عام فہم انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ قرآن مجید میں استعمال ہونے والی اصطلاحات اور الفاظ کے مطالب و مفاہیم کے لئے اِس کی آخری تین جلدیں مختص کی گئی ہیں۔ ہر لفظ کا اردو ترجمہ بھی دیا گیا ہے تاکہ عربی زبان سے واقف اور نا واقف یکساں استفادہ کر سکیں۔پروگرم کے آخیرمیں خصوصی دعا اور کھانا پیش کیا گیا. منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے صدر شیخ محبوب عالم نےتمام مہمانوں کا پرُوقار تقریب میں شرکت کرنے کا شکریہ ادا کیا.

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here