وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مدارس کی خدمات کو نظر انداز کرنا اور ان کو دہشت گردی سے منسوب کرنا ناانصافی ہے۔
علمائے کرام کے وفد سے بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نظامِ تعلیم اور نصاب تعلیم کی بہتری پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملک میں تین مختلف نظام تعلیم کی موجودگی قوم کی تقسیم اور مختلف کلچرز کو پروان چڑھانے کا باعث رہی ہے، ایک قوم کی تعمیر کے لئے ضروری ہے کہ بنیادی نظام تعلیم اور نصاب تعلیم میں یکسانیت ہو۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مدرسوں کی خدمات کو نظر انداز کرنا اور ان کو دہشت گردی سے منسوب کرنا ناانصافی ہے، مدارس کے بچوں کا بھی پورا حق ہے کہ وہ زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھ سکیں، شعبہ تعلیم میں اصلاحات کا بنیادی مقصد تفریق کاخاتمہ اور مدرسے کے بچے کو اوپر لانا ہے، مدارس کو درپیش تمام مسائل باہمی مشاورت سے حل کریں گے۔