نواز شریف ،مریم نواز کا جمعہ کو واپسی کااعلان

0
1322

 

مریم نواز نے جمعہ 13جولائی کو اپنے والد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے ہمراہ وطن واپسی کا اعلان کردیا ہے ۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو میں مریم نوا زنے کہا کہ ریڈوارنٹس اپنے پاس رکھیں،انہیں ڈکٹیٹرز کےلئے سنبھال رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ احتساب عدالت کا فیصلہ مفروضوں پر مبنی اور مضحکہ خیز ہے، کرپشن اور منی لانڈرنگ سے بری کرنے کے باوجود سزا دی گئی۔مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ پہلے ہمارا فیصلہ تھا کہ والدہ کے ہوش میں آنے تک واپس نہیں آئیں گے، ڈاکٹرز نے امید دلائی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں والدہ ہوش میں آجائیں گی لہٰذا ہم جمعے کو پاکستان واپس جائیں گے۔ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصلے میں لکھا ہے کہ نوازشریف نے کوئی کرپشن نہیں کی، کرپشن کا ثبوت نہیں ملا مگر اس کے باوجود بھی سزا دی گئی۔مریم نواز نے کہا کہ ’نواز شریف پر کرپشن، منی لانڈرنگ کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، کرپشن، منی لانڈرنگ کے الزامات سے نوازشریف کو بری کردیا گیا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’نواز شریف کا احتساب مشرف دور میں بھی ہوا، پرویز مشرف بھی نواز شریف کے خلاف کچھ ثابت نہیں کرسکا، پورا فیصلہ مفروضات پردیا گیا‘۔

مریم نواز نے اس سے پہلے صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھاکہ عدالتی فیصلے کاجائزہ لے رہے ہیں اور 10دن سے پہلے ہی وطن واپس آجائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز اور نواز شریف 13 جولائی کو لندن سے لاہور پہنچیں گے،شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز ایئرپورٹ پر پارٹی کے قائد کے استقبال کی تیاریوں کے انچارج ہوں گے،پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کو نواز شریف کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔بشکریہ روزنامہ جنگ

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here