لاہور (نیوز ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب ) نے اپوزیشن شخصیات کی گرفتاری کے بعد اب حکومتی وزیر کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ پنجاب کے صوبائی وزیر برائے جنگلا ت سبطین خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے اپوزیشن رہنماؤں سابق آصف زرداری، فریال تالپور، اور حمزہ شہباز کے بعد اب حکومتی وزیر سبطین خان کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔بتایا گیا ہےکہ سبطین خان پر2007ء میں چنیوٹ میں مائنیزکے ٹھیکہ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ سبطین
خان2007ء میں صوبائی وزیر معدنیات تھے۔ اس وقت پنجاب میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی تھے۔ دوسری جانب نیب نے سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو جعلی اکاؤنٹ کیس میں گرفتار کرلیا ہے۔ گزشتہ رات چیئرمین نیب نے فریال تالپور کے وارنٹ گرفتاری پر دستخط کیے تھے۔فریال تالپور کونیب آج اسلام آباد سے گرفتارکیا گیا ہے۔ فریال تالپور کا گھر19 اسٹریٹ 13 ایف 8ایٹ ٹو اسلام آباد میں واقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فریال تالپور کو جسمانی ریمانڈ لینے کیلئے کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس سے قبل نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت منسوخ ہونے کے بعد سابق صدر آصف زرداری کو گرفتار کیا تھا۔ اور لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت منسوخ ہونے پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو گرفتار کیا تھا۔