پنجاب میں حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ نون نے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار سے رابطہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر چوہدری نثار نے لیگی رہنماؤں کو مثبت جواب دے دیا اور مزید4آزاد ارکان نے پنجاب میں حکومت سازی کے لیے یقین دہانی کرا دی۔ اس صورت حال کے بعد ن لیگ کوحکومت سازی کے لیے یقین دہانی کرانے والے آزاد ارکان کی تعداد 13ہو گئی،جبکہ پنجاب میں حکومت سازی کے لیے 148 ارکان کی ضرورت ہے۔
اس حوالے سے سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا ہے کہ وہ پُراُمید ہیں کہ ن لیگ ہی پنجاب میں حکومت بنائے گی، پنجاب میں ارکان کی تعداد زیادہ ہے، حکومت بنانا نون لیگ کا حق ہے۔
علاوہ ازیں شہر اقتدار میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں، شہبازشریف مختلف سیاسی جماعتوں سے مذاکرات اورنوازشریف سے ملاقات کےلیے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، خواجہ آصف اور سعدرفیق بھی صدرمسلم لیگ نون کےہمراہ ہیں۔
پیپلزپارٹی اور ایم ایم اے رہنماؤں سےملاقات میں پنجاب میں حکومت سازی اورمرکز میں مضبوط اپوزیشن سمیت اہم امور پرتبادلہ خیال کا امکان ہے۔بشکریہ روزنامہ جنگ