پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ پہنچ گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے ملاقات سپریم کورٹ میں ہو گی۔
یہ پہلی مرتبہ ہے جب چیف جسٹس میاں ثاقب نثار وزیراعظم سے ملاقات کر رہے ہیں۔
سپریم کورٹ کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے مختصر پیغام میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اور چیف جسٹس کے مابین ملاقات سپریم کورٹ میں ہو گی۔
اس ملاقات کے لیے شام سات بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
یہ ملاقات ایک ایسے وقت پر ہو رہی ہے جب ملک میں عدلیہ اور حکومت کے مابین تناؤ کی سی کیفیت ہے۔
اس سے پہلے سنہ 2007 میں سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے اُس وقت کے وزیراعظم شوکت عزیز سے ملاقات کی تھی۔
اس ملاقات میں شوکت عزیز نے چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس دیا تھا اور اُن سے استعفیٰ طلب کیا تھا۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے پہلے پیپلز پارٹی کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے 2011 میں سپریم کورٹ کے اُس وقت کے چیف جسٹس افتخار چوہدری سے حکومت اور عدلیہ کے درمیان پیدا ہونے والے تعطل کو ختم کرنے کے لیے ملاقات کی تھی جب جسٹس خلیل الرحمان رمدے کو عدالت میں بطور ایڈ ہاک جج توسیع ملی تھی۔شکریہ بی بی سی اردو