وزیر بلدیات سندھ سعیدغنی نے تحریک انصاف کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دے دیا ہے ۔
کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں سعید غنی نے پی ٹی آئی کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تحریک انصاف کو کراچی کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بنادیا گیا ہے ،اسے میچورٹی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپوزیشن سے باہر نکلے ،اس نے وی آئی پی پروٹوکول پر بات کی ،ایسی باتیں صرف حزب اختلاف میں ہی کی جاسکتی ہیں،وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔
سعید غنی نے کہا کہ میرے اور میئر کراچی وسیم اختر کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں،مئیر کراچی سے ملاقات نہ ہونا اختلافات نہیں ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ محکمہ کے اندر مسائل زیادہ ہیں تاہم وہ ان مسائل کے حل کی کوشش کررہے ہیں۔
سعید غنی نے کہا کے وہ صحافیوں کی ہاؤسنگ اسکیم کے معاملات کو درست کریں گے اور اس سلسلے میں انہوں نےمتعلقہ محکموں کے افسران سے بریفنگ بھی لی ہے۔ بشکریہ روزنامہ جنگ