کوئٹہ میں تین خودکش حملے، 5 پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی

0
715


کوئٹہ کے دو مختلف علاقوں میں ہونے والے تین خود کش حملوں میں کم از کم پانچ پولیس اہلکار ہلاک اور 15 اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
منگل کو خودکش حملے کوئٹہ کے علاقے ایئر پورٹ روڈ اور دشت کمبیلا میں ہوئے۔
ہلاک اور زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کا تعلق بلوچستان کانسٹیبلری سے ہے جن کی گاڑی کو ایئر پورٹ روڈ پر نشانہ بنایا گیا۔
نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق ایئر پورٹ پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ حملے کا نشانہ بننے والے اہلکار پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے صدر کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور تھے۔
اہلکار نے بتایا کہ ایک خود کش حملہ آور نے الحمد یونیورسٹی کے قریب پولیس اہلکاروں کی گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
اہلکار نے بتایا کہ اس حملے میں کم از کم پانچ پولیس اہلکار ہلاک اور سات زخمی ہو ئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔اس سے پہلے دو خود کش حملے کوئٹہ شہر کے جنوب میں نواحی علاقے دشت کمبیلا کے علاقے میں ہوئے۔
سکیورٹی سے متعلق ایک اہلکار نے بتایا کہ اس علاقے میں فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کی ایک چیک پوسٹ پر دو خود کش حملہ آوروں نے حملہ کیا لیکن ایف سی کے اہلکاروں کی فائرنگ سے دونوں خود کش حملہ آور مارے گئے
تاہم خود کش حملہ آوروں کی جسم پر بندھے دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ایف سی کے آٹھ اہلکار زخمی ہو گئے۔
زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
گذشتہ برس کی طرح رواں برس بھی متعدد بار
ایف سی اور پولیس اہلکاروں کو شدت پسندوں نے نشانہ بنایا ہے اور ان حملوں میں 28 سے زیادہ اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔بشکریہ روزنامہ جنگ

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here