سانحہ ماڈل ٹاؤن پرنئی جےآئی ٹی سے متعلق درخواست پرسپریم کورٹ میں طاہر القادری پیش ہوئے تو گلوبٹ نے جپھی ڈالنے کی کوشش کی جس پر انہوں نے کسی ردّ عمل کا اظہار نہیں کیا۔
سپریم کورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سر براہی میں ہوئی، سماعت میں پیشی کے موقع پر ڈاکٹر طاہرالقادری اپنے رفقاء کے ہمراہ عدالتی احاطے پہنچے تو وہاں گلو بٹ بھی موجود تھا۔ گلو بٹ نے طاہرالقادری کو دیکھتے ہوئے آگے بڑھ کر ان سے ہاتھ ملایا پھر انہیں گلے لگانے کی کوشش کی مگر سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں پیچھے سے کھینچتے ہوئے الگ کردیا۔
یاد رہے کہ 17 جون 2014 کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے سامنے قائم تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے آپریشن کیا گیا تو اس موقع پر گلو بٹ نامی کردار سامنے آیا جس نے اس واقعے کےوقت ڈنڈےمار کر گاڑیوں کے شیشے توڑے تھے۔
اس جرم میں لاہور کی انسداد دہشت گردی نے اسے 11 سال قید کی سزا سنائی تھی۔بشکریہ روزنامہ جنگ