جرمنی میں ہائیڈروجن سے چلنے والی دنیا کی پہلی ٹرین نے اپنے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی میں دنیا کی پہلی ماحول دوست ٹرین کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ ہائیڈروجن سے چلنے والی فی الحال دو ٹرینوں کا کمرشل بنیادوں پر آپریشن شروع ہو گیا ہے۔ یہ ٹرینیں 60 میل کا سفر طے کریں گی۔ہائیڈریل نامی یہ ٹرین بھی عام ٹرینوں کی طرح ہی کام کرتی ہے تاہم اسے ماحول دوست بنانے کے لیے ایسا سسٹم نصب کیا گیا ہے جو ہائیڈروجن اور آکسیجن کو ملا کر بجلی پیدا کرے گا اور اسی بجلی سے ٹرین کو چلایا جائے گا۔ہائیڈرل ٹرین میں ہائیڈروجن سے بھرا ہوا ایک ٹینک 300 مسافروں کے ساتھ 500 میل تک کے سفر کے لیے کافی ہوگا۔ دنیا کی پہلی ہائیڈروجن ٹرین کو تیار کرنے والی نجی کمپنی نے ماحول دوست ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئی ٹرین کے اضافے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ٹرین بنانے والی کمپنی کے سی ای او کا کہنا ہے کہ دو ٹرینیں تجرباتی بنیادوں پر چلائی ہیں اور مزید 14 ٹرینیں 2021 تک تیار ہو جائیں گی جو آلودگی پھیلانے اور ماحول کو تباہ کرنے والی ڈیزل سے چلنے والی ٹرینوں کا اختتام ثابت ہوں گی۔واضح رہے کہ ڈیزل پر چلنے والی ٹرینیں ماحول کو شدید آلودہ کرنے کا سبب بن رہی ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی سے بچنے اور کم خرچ ٹرین سسٹم کے لیے ہائیڈرل ٹرین تیار کی گئی ہے جس کا اعلان گزشتہ برس کیا گیا تھا۔