کراچی (نیوز ڈیسک) ایم کیو ایم چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونیوالے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ایک بار پھر پی ٹی آئی سے ناراضی کا اظہار کردیا، کہتے ہیں کہ مجھے مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے فردوس عاشق اعوان اور علی زیدی پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے شدید تنقید کی۔بحری امور کے وزیر علی زیدی نے چند ہفتوں قبل کلین کراچی مہم کا آغاز کیا تھا، عامر لیاقت نے شکوہ کیا کہ میں کراچی سے تعلق رکھتا ہوں اور اس شہر کیلئے بہت کچھ کرسکتا ہوں، لیکن مجھ سے اس حوالے سے پوچھا تک نہیں گیا، مجھے نہیں پتہ کہ مجھے کیوں استعمال نہیں کیا جارہا۔ان کا کہنا تھا کہ شاید علی زیدی کراچی کے میئر بننا چاہتے ہیں، عامر لیاقت نے یہ بھی کہہ دیا کہ علی زیدی اس عہدے کیلئے ایک اچھا انتخاب ہوں گے۔پارٹی چھوڑنے سے متعلق سوال پر وہ بولے کہ عمران خان میری محبت ہیں، میں انہیں کبھی نہیں چھوڑ سکتا، وہ میری زندگی ہیں، تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کردیا کہ میں درباری نہیں ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب نے مجھے درس دیا ہے کہ جہاں بھی غلطیاں ہوں ان کی نشاندہی کریں، تاہم انہیں لگتا ہے کہ مرکزی قیادت انہیں نظر انداز کررہی ہے، اس بات کے اظہار کے بعد بھی عمران خان سمیت کسی پارٹی رہنماءنے رابطہ نہیں کیا۔وزیراعظم عمران خان سے رابطے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے کبوتر اب وزیراعظم ہاو¿س کی جانب نہیں جاتے، کوئی باز آکر انہیں لپک لیتا ہے۔