کراچی کا سیاسی میدان ، بڑے امیدوار ہو گئے تیار

0
810

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان 25جولائی کو ہونے والے الیکشن میں کراچی کے حلقہ 243سے امیدوار ہوںگے۔ وہ گزشتہ ماہ کراچی میں ہونے والے ایک جلسے میں اس کا اعلان کرچکے ہیں اور اس حوالے سے جمعرات کو ان کے نامزدگی فارم بھی جمع کرائے جاچکے ہیں۔
کراچی کا یہ حلقہ ضلع شرقی میں نئی حد بندی کے بعد وجود میں آیا ہےتاہم پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ وہ ملک کے دیگرچار علاقوں بنوں، میانوالی، لاہور اور اسلام آباد سے بھی انتخابات میں حصہ لیں گے۔یاد رہے کہ انھوں نے 2013کے الیکشن میں بھی پشاور کےحلقہ این اے ون، راولپنڈی کے این اے 56، میانوالی کےاین اے 71اور لاہور کے حلقہ 126سے الیکشن میں حصہ لیا تھا۔
ادھر دوسری جانب پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کی چھوٹی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری نے بھی کراچی کی نشستوں سے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کراچی کے ضلع جنوبی کی نشست این اے 246لیاری سے الیکشن لڑیں گے جبکہ انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے معروف رہنما جبران ناصرنے بھی بطور آزاد امیدوار کراچی سے الیکشن لڑنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ تیس برس سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ایم کیو ایم واضح اکثریت حاصل کرتی رہی ہے لیکن ایم کیو ایم کے گروپوں میں تقسیم ہونے اور پارٹی کے بانی پر پابندی کے بعد دیگر سیاسی جماعتیں یہ سمجھتی ہیں کہ کراچی میں اب ان کےلیے الیکشن جیتنا ممکن ہوگیا ہے۔
لمزید برآں پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے بھی قومی اسمبلی کی دو نشستوں،این اے 247اور 253 اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پی ایس 124اور 127 پر اپنے نامزدگی فارم جمع کرائے ہیں۔دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف نے جمعہ کو اپنے قومی و صوبائی اسمبلی کے ملک بھر کے امیدواروں کی فہرست جاری کردی ہے ۔اس فہرست میں ساٹھ فیصد قومی اور چالیس فیصد صوبائی امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ بقیہ امیدواروں کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔اس فہرست کے مطابق پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی این اے 156ملتان، فواد چوہدری این اے 67جہلم ، پرویز خٹک این اے 25نوشہرہ، مراد سعید این اے چار سوات، علیم خان این اے 129لاہوراور شفقت محمود این اے 130لاہورسے امیدو ار ہوں گے۔بشکریہ روزنامہ جنگ

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here