پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کوئٹہ پہنچ گئےجہاں وہ 13 جولائی کو خود کش حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سراج رئیسانی کی رہائش گاہ ساراوان ہاؤس پہنچ گئے۔
بلاول نے اس موقع پر ساراوان ہاؤس میں سراج رئیسانی کےاہل خانہ سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ بلاول بھٹو نے سی ایم ایچ اور سول اسپتال جاکر سانحہ مستونگ میں زخمی ہو نے افراد کی عیادت بھی کی۔
علاوہ ازیں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے لورالائی میں انتخابی جلسے سے ہولوگرام کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم برسر اقتدار آکر بلوچستان کی محرومیوں کو ختم کریں گے،تعلیم، صحت اور ترقی لائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت نے 5سال میں پیاس اور بے روزگاری میں اضافہ کیا، سی پیک پنجاب میں تو نظر آرہا ہے مگر بلوچستان میں کہیں بھی سی پیک نظر نہیں آرہا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ہمیں پتہ ہے کہ بلوچستان میں تعلیم یافتہ نوجوان مستقبل کے حوالے سے پریشان ہے، ہم اقتدار میں آکر بلوچستان کی محرومیں کا خاتمہ کریں گے۔
بلاول نے یہ بھی کہا کہ پیپلزپارٹی حکومت میں آکر بلوچستان میں پانی کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات کرے گی، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔بشکریہ روزنامہ جنگ