قومی اسمبلی :میں کتنے ارکان ارب پتی؟

0
521

قومی اسمبلی کے نومنتخب ارکان کی اکثریت کروڑ پتی ہے، ان میں 8 ارکان تو اربوں کی جائیداد کے مالک ہیں ، پی ٹی آئی کے نور عالم خان امیر ترین رکن اسمبلی ہیں۔

بلاول بھٹو تیسرے سب سے زیادہ امیر ایم این اے تو انہی کی جماعت کی خاتون رکن نصیبہ چنا غریب ترین رکن اسمبلی ہیں، زیادہ ترکا پیشہ زراعت ہے تو درجن سے زائد گھریلو خواتین تاہم ایک تہائی اراکین ایسے بھی ہیں جو پہلی بار ایوان کا حصہ بنےہیں۔ فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک ’فافن ‘قومی اسمبلی ارکان سے متعلق تفصیلی رپورٹ مرتب کرلی، جس کے مطابق قومی اسمبلی کے 8 ارکان ایسے ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت اربوں میں ہے،ان میں 4 کا تعلق پی ٹی آئی اور2 ن لیگی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کےامیر ترین رکن قومی اسمبلی نور عالم خان ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت سو ا3 ارب ، ن لیگ کے احسان باجوہ سو ا2 ارب سے زائد کے اثاثوں کے ساتھ دوسرے نمبر پرہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے اثاثوں کی مالیت1 ارب 54 کروڑ بتائی گئی ہےتاہم 5 ارکان ایسے ہیں، جن کے اثاثوں کی مالیت 10 لاکھ سے بھی کم ہےاور پیپلز پارٹی کی مخصوص نشست پر منتخب رکن نصیبہ چنا کے اثاثوں کی مالیت محض 3 لاکھ 40 ہزار ہے۔

اسمبلی کے 132 ارکان ایسے ہیں جو پہلی بار رکن منتخب ہوئے، ان میں پی ٹی آئی کے 77 اور ن لیگ کے 54 ارکان شامل ہیں،اسمبلی میں 116 گریجویٹ 79 ماسٹرز اور 21 میٹرک پاس ہیں۔

پیشے کے اعتبار سے اسمبلی کے سب سےزیادہ اراکین زرعی شعبے سے وابستہ ہیں، جن کی تعداد79 ہے،32 فل ٹائم پارلیمنٹینرز یا سیاستدان ہیں،11 درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں،15 خواتین اراکین ہائوس وائف ہیں۔

اسمبلی کے 35 ارکان ایسے ہیں، جن کے خلاف مقدمات زیر سماعت ہیں ،ان میں 18 پی ٹی آئی اراکین ہیں جبکہ9 کا تعلق ن لیگ اور 5 کا پیپلز پارٹی سے ہے۔بشکریہ روزنامہ جنگ

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here