ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارت اگر جنگ کرنے آیا تو دیکھ لیں گے،وہ پہلے خود سیکولر بن جائےاورہمیں ایسے ہی برداشت کرے جیسے ہم ہیں،ہم مسلمان ریاست ہیں،ہمیں نہ بتائیں کہ ہمیں کیسا بننا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم تواقلیتوں کے مذہبی مقامات کی حفاظت کرتے ہیں لیکن وہاں بابری مسجد کے ساتھ کیا ہوا،بھارت پہلے خود تو سیکولر بن جائے، بھارت میں 200 ملین مسلمانوں کی حالت سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل میں جتنا تعاون کرسکتے ہیں کرینگے،ہماری خواہش ہے کہ امریکا افغانستان سے ناکام ہوکرنہ نکلے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ملک بھر میں دہشتگردی کے واقعات کم ہوئے ہیں،وقت قریب ہے کہ ہم مکمل امن کی طرف چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دوہزارسترہ اٹھارہ میں سیزفائرلائن کی بہت زیادہ خلاف ورزیاں ہوئیں،بھارت کی جانب سےشہری آبادی کو نشانہ بنایاجاتا ہے،توقع رکھتے ہیں کہ بھارت صورتحال کوسمجھے۔
انہوں نے کہا کہ سکھ برادری کی مذہبی جگہ سرحد کے قریب ہے،بلوچستان ہمارے جغرافیہ کا تینتالیس فیصد ہے،کرتارپور پربھارت نے منفی پروپیگنڈا کیا،بلوچستان کی سب سےاچھی بات یہ ہے کہ وہاں فراری ہتھیارڈال رہے ہیں۔
کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں پچھلے چند سالوں میں امن وامان کی صورتحال بہت بہترہوئی ہے۔یہ شہر کبھی کرائم ریٹ میں چھٹے نمبرپرتھا اب دنیا میں سڑسٹھ نمبرپرہے،کوئی بھی جنگ آپریشن سے ختم نہیں ہوتی۔بشکریہ روزنامہ جنگ